• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

طلاق کے ڈر کی وجہ سے بھی لوگ شادی نہیں کرتے، منشا پاشا

شائع September 18, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف اداکارہ منشا پاشا نے کہا ہے کہ سماج میں بڑھتی ہوئی طلاقوں کو دیکھ کر بھی بہت سارے لوگ شادی نہیں کر رہے، کیوں کہ ایسے لوگوں کو لگتا ہے کہ شادی کے بعد طلاق ہی ہونی ہے تو ایسا کام ہی کیوں کیا جائے؟

منشا پاشا نے حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی پہلی شادی کی ناکامی اور طلاق پر بات کرنے سمیت دوسری شادی پر بھی بات کی۔

ساتھ ہی اداکارہ نے پہلی بار اپنے خاندان اور خود سے متعلق بھی کچھ معلومات فراہم کی اور یہ بھی بتایا کہ کس طرح انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا۔

منشا پاشا نے بتایا کہ ان کی پیدائش حیدرآباد میں ہوئی، جب کہ ان کے والد نوابشاہ اور والدہ کا تعلق دادو ضلع سے ہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ تین بہنوں میں سب سے چھوٹی ہیں اور ان کا کوئی بھائی نہیں تھا، اس لیے بچپن سے ہی والدین نے انہیں ہر کام خود کرنے کا کہا اور انہوں نے گھر کے وہ تمام کام بھی کیے جو خالصتاً لڑکے کیا کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اے لیول کے لیے وہ صوبائی دارالحکومت کراچی منتقل ہوئیں، جہاں سے انہوں نے گریجویشن بھی کیا، جس کے بعد انہوں نے ایک پروڈکشن ہاؤس میں انٹرنشپ شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے، ان کے والد اور والدہ دونوں سرکاری ڈاکٹر تھے، اس لیے انہوں نے کالج کی تعلیم کے دوران ہی پارٹ ٹائم ملازمت کرنا شروع کردی تھی۔

منشا پاشا نے بتایا کہ پروڈکشن ہاؤس میں لائن پروڈیوسر کی ملازمت کے دوران انہیں عدنان صدیقی نے دیکھا، جنہوں نے ان کے پروڈکشن والوں یعنی فیصل قریشی والوں کو مشورہ دیا کہ ان سے اداکاری کروائیں، انہیں یہاں کیوں رکھا ہوا ہے؟

اداکارہ کے مطابق عدنان صدیقی کے مشورے کے بعد انہوں نے مشہور ڈرامے ’ہمسفر‘ میں مختصر کردار کیا، جس کے بعد انہیں پہلی بار ’زندگی گلزار ہے‘ میں اچھا کردار دیا گیا اور یوں ہی ان کی اداکاری کی شروعات ہوئی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے شوہر جبران ناصر سے تعلقات کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ شادی سے قبل ہی ان کے درمیان کئی سال سے دوستی تھی۔

ان کے مطابق دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کافی عرصے سے دوست تھے، جس کے بعد وہ مشترکہ دوستوں کے درمیان ہونے والی میٹنگ کے دوران پہلی بار ملے، جہاں سے ان کے درمیان گہرے تعلقات شروع ہوئے جو بعد میں شادی میں تبدیل ہوگئے۔

اسی طرح انہوں نے پہلی شادی کی ناکامی اور طلاق سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ ان کی شادی کا اختتام ایسے ہوگا۔

منشا پاشا کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی معلومات اور چیزوں کو سامنے لانے والی شخصیت نہیں ہیں لیکن اس باوجود بہت سارے لوگوں کو اس بات کا علم ہے کہ ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی اور طلاق کے صدمے سے نکلنے میں انہیں پانچ سال کا وقت لگا۔

ان کے مطابق چوں کہ شادی سے پہلے انسان آزاد ہوتا ہے لیکن شادی کے بعد اس کی تمام زندگی تبدیل ہوجاتی ہے اور وہ دوسرے شخص کو ذہن میں رکھ کر زندگی گزار رہا ہوتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد دوسرے شخص اور افراد کے مطابق زندگی گزارنے کی عادت اپنانے کے بعد اگر اچانک سے وہ رشتہ ختم ہوجائے اور طلاق ہوجائے تو ایک دم سے زندگی تبدیل ہوجاتی ہے اور پھر عادتیں بدلنے میں بھی وقت لگتا ہے۔

انہوں نے پروگرام میں یہ نہیں بتایا کہ ان کی طلاق کیوں ہوئی اور انہوں نے کب اور کن سے شادی کی تھی، تاہم انہوں نے بتایا کہ طلاق کے بعد صدمے سے نکلنے میں انہیں کافی وقت لگا۔

منشا پاشا نے طلاق کے فیصلے کو زندگی کا مشکل ترین فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چوں کہ شادی کے بعد صرف دو افراد نہیں بلکہ دو خاندانوں کا مستقبل بھی اسے رشتے کے ساتھ جڑا ہوتا ہے، اس لیے طلاق بہت مشکل فیصلہ ہوتا ہے۔

انہوں نے طلاق کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سماج میں بڑھتی ہوئی طلاقوں کو دیکھ کر بھی بعض افراد شادی نہیں کرتے، کیوں کہ ان کی سوچ بن گئی ہے کہ شادی کے بعد طلاق ہی ہونی ہے تو شادی ہی کیوں کی جائے؟

منشا پاشا نے کہا کہ ایسی سوچ رکھنے والے افراد غلط ہیں، ایسی سوچ رکھ کر زندگی کو آگے بڑھنے سے روکنا بے وقوفی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024