• KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am
  • KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:26am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:59am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:05am

پاکستانی شائقین اور صحافیوں کے بھارت کے ویزے جاری نہ کرنے پر آئی سی سی کا ردعمل

شائع October 8, 2023
— فائل فوٹو: خلیج ٹائمز
— فائل فوٹو: خلیج ٹائمز

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شکایات کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ورلڈ کپ میں پاکستانی شائقین اور صحافیوں کے لیے ویزا جاری کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

2016 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم بھارت کا پہلا دورہ کر رہی ہے، بھارت روانہ ہونے سے بمشکل 48 گھنٹے قبل بھارتی حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کیے تھے۔

پاکستان اور بھارتی ٹیموں کے لیے کرکٹ سیاسی تناؤ اور کشیدگی کا شکار ہوتی رہی ہے، دونوں ٹیمیں صرف ورلڈ کپ اور ایشیا کپ جیسے بڑے عالمی مقابلے کھیلتی ہیں۔

بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کا بھارت میں پرتپاک استقبال کیا گیا تھا لیکن پاکستانی شائقین کی موجودگی نہ ہونے پر افسوس کا بھی اظہار کیا تھا۔

اب 14 اکتوبر کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاک ۔ بھارت ہائی والٹیج میچ میں پاکستانی شائقین اور صحافیوں کے لیے ویزوں کا اجرا تنازع کی صورتحال اختیار کر رہا ہے۔

آئی سی سی کا ردعمل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن بی سی سی آئی کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

تاہم آئی سی سی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت، پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے پر کام کر رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ میزبان (بھارت) کی ذمہ داری ہے کہ پاکستانیوں کو ویزے جاری کرے اور ہم اس حوالے سے مکمل سپورٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ویزوں سے متعلق سخت محنت کر رہا ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 6 اکتوبر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی سی بی کو یہ دیکھ کر مایوسی ہوئی کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان کے افتتاحی میچ کی کوریج کے لیے بھارت کے ویزے حاصل کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔

بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم گزشتہ تین سالوں سے شائقین اور صحافیوں کے لیے ویزا جاری کرنے سے متعلق آئی سی سی کو ان کی ذمہ داریوں اور اراکین کے معاہدے کے بارے میں یاد دلاتے رہے ہیں اور تمام متعلقہ حکام کے ساتھ تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024