• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

فرانسیسی وزیر کا غزہ کے حوالے سے ٹوئٹ پر کریم بینزیما کا اخوان المسلمون سے تعلق کا الزام

شائع October 19, 2023
کریم بینزیما 14سیزن تک ریال میڈرڈ سے منسلک رہے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی
کریم بینزیما 14سیزن تک ریال میڈرڈ سے منسلک رہے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی

فرانس کے وزیر داخلہ نے سابق اسٹار فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما پر غزہ کے عوام کی مدد کے لیے ٹوئٹ پر اخوان المسلمون سے تعلق کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی شہریت منسوخ اور بیلن ڈی اور ایوارڈ واپس لینے کی دھمکی دی ہے جس پر اسٹار فٹبالر کے وکیل نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کریم بینزیما نے سوشل میڈیا پر اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے حوالے سے پوسٹ کی تھی جس کے بعد وزیر داخلہ جیرالڈ درمانن نے حالیہ بیلن ڈی اور جیتنے والے ریال میڈرڈ کے سابق فٹبالر پر الزامات لگائے۔

سعودی کلب الاتحاد کے لیے کھیلنے والے بینزیما نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہماری دعائیں غزہ کے باسیوں کے ساتھ ہیں جو ایک بار پھر ناحق بمباری کا نشانہ بنا رہے ہیں جس میں بچوں اور عورتوں تک کو بخشا نہیں جا رہا۔

فرانس کے وزیر داخلہ نے نیوز چینل پر گفتگو کے دوران الزام لگایا کہ بینزیما کا اخوان المسلمون کے ساتھ تعلق ہے۔

بینزیما کے وکیل ہیوگس ویجیئر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جھوٹ ہے، کریم بینزیما کا اس تنظیم کے ساتھ کبھی معمولی تعلق بھی نہیں رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینزیما فطری طور پر ہمدردی کا اظہار کر رہے تھے کیونکہ آج بہت سے لوگ غزہ میں ہونے والی بمباری کو جنگی جرائم کے طور پر بیان کرتے ہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ وہ ان تبصروں پر جیرالڈ درمانن کے خلاف شکایت درج کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

وکیل نے کہا کہ ہم ایک بار پھر کریم بینزیما کے ناقابل برداشت استحصال کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

درمانن کے بیان کے بعد ایک قانون ساز نے بینزیما سے مطالبہ کیا کہ فٹبالر سے ان کا بیلن ڈی اور ایوارڈ چھین کر فرانسیسی شہریت منسوخ کیا جائے۔

فرانس کی سینیٹر والیری بوئیر نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اگر درمانن کے دعوؤں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو میں کریم بینزیما کی فرانسیسی شہریت منسوخ کرنے کی درخواست کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی علامتی ہو گی جس کے تحت بیلن ڈی اور ایوارڈ لیا جائے گا اور بالآخر ہم ان کی شہریت منسوخ کرنے کی درخواست کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ بات قابل قبول نہیں کہ ایک دوہری شہریت کا حامل عالمی شہرت یافتہ فرانسیسی اس طرح ہمارے ملک کی بے عزتی اور غداری کرے۔

41 سالہ درمانن نے اپنے سیاسی سرپرست سابق صدر نکولس سرکوزی کی طرح ایک سخت گیر شخصیت کے طور پر اپنی ساکھ بنائی ہے اور مستقبل میں صدر بننے کے حوالے سے بھی ان کے عزائم کسی سے مخفی نہیں۔

بینزیما واحد مسلمان فٹبال اسٹار نہیں جنہوں نے اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے بلکہ لیورپول اور مصر کے کھلاڑی محمد صلاح نے بھی اس حوالے سے آواز اٹھاتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد کی اجازت اور قتل عام کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانس کے 35 سالہ فٹبالر کریم بینزیما کے والدین الجزائری تھے اور پچھلی دہائی کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے فرانسیسی ستاروں میں سے ایک تھے۔

وہ 14سیزن تک مشہور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے ساتھ منسلک رہے جس کے بعد اس سال کے اوائل میں انہوں نے انتہائی منافع بخش تین سالہ معاہدے پر سعودی کلب الاتحاد میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

ریال میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہوئے 14سال کے دوران بینزیما نے اپنے کلب کے لیے پانچ چیمپئنز لیگ ٹائٹل، چار لا لیگا ٹائٹل اور تین کوپا ڈیل رے ٹائٹل جیتے۔

2021-22 کے شاندار سیزن اور ریال میڈرڈ کو چیمپیئن بنوانے پر انہیں سال کے بہترین کھلاڑی کے بیلن ڈی اور ایوارڈ سے نوازا گیا تھا لیکن اس کے بعد انجریز کے سبب وہ قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں فرانس کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024