• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

سعودی عرب کی انڈین پریمیئر لیگ میں 30 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی پیشکش

شائع November 4, 2023
2021 میں انڈین پرمیئر لیگ میں ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر 10 کردی گئی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
2021 میں انڈین پرمیئر لیگ میں ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر 10 کردی گئی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

انڈین پریمیئر لیگ کی چکا چوند ہر گزرتے وقت کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس کی قدر بھی اب اربوں ڈالر میں پہنچ چکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی اس کے حصص کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

خبر رساں ادارے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان کے مشیر نے انڈین پریمیئر لیگ کو 30ارب ڈالر مالیت کی ہولڈنگ کمپنی بنانے کے حوالے سے بھارتی حکومتی عہدیداروں سے رابطہ کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی ولی عہد دنیا کی سب سے بڑی لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر اس کے حصص خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ گفتگو رواں سال ستمبر میں اس وقت ہوئی جب سعودی ولی عہد نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ سعودی عرب نے لیگ میں 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری اور اسے دنیا کے دیگر ملکوں تک پھیلانے کی پیشکش کی ہے۔

اس حوالے سے فوربس نے آئی پی ایل کی ایک ٹیم کے مالک سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کی۔

جب آئی پی ایل کی ایک ٹیم میں سرمایہ کاری کرنے والے ایک شخص سے فوربس نے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ سرمایہ کاری آئندہ سال اپریل میں بھارت میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل ممکن نہیں۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا سے اس حوالے سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔

سعودی عرب نے اپنے 700ارب ڈالر کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈز کے ذریعے اسپورٹس کی دنیا میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری شروع کی ہے اور اس وقت ان کی فٹبال لیگ میں بھی کرسٹیانو رونالڈو سمیت کئی بڑے عالمی سپر اسٹارز ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔

ان فنڈز کے تحت سوکر کے علاوہ ڈبلیو ڈبلیو ای، فارمیولا ون اور نئی افریقی فٹبال لیگ میں بھی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ اب سعودی عرب دنیا کے کئی ممالک کی لیگز کے فائنلز کی میزبانی کے ساتھ ساتھ 2034 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بھی مضبوط امیدوار ہے۔

بی بی سی کی جانب سے شائع ایک رپورٹ کے مطابق سعود عرب کی اس وقت 21 کھیلوں میں 312 اسپانسر شپ ڈیلز ہیں اور اس سلسلے میں سب سے زیادہ معاہدے موٹر اسپورٹس اور گالف میں کیے گئے ہیں۔

2008 میں شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ دنیا کی سب سے بڑی اور امیر لیگ ہے جس میں بڑے پیمانے پر پیسوں کے سبب یہ دنیا بھر کے کرکٹرز کے لیے پرکشش اور توجہ کا مرکز ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے آغاز سے قبل صرف آسٹریلیا اور انگلینڈ کی لیگز چل رہی تھیں لیکن اس کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹی 20 لیگز کا آغاز ہوا لیکن کوئی بھی لیگ پیسوں اور مقبولیت میں انڈین پریمیئر لیگ کے قریب تک نہ پہنچ سکی۔

ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل کو 12 کروڑ سے زائد افراد نے ناظرین نے دیکھا تھا۔

2021 میں انڈین پرمیئر لیگ میں ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر 10 کردی گئی تھی اور سی وی سی کیپیٹل نے گجرات ٹائٹنز کو 75کروڑ ڈالر جبکہ سنجیو گوئنکا نے لکھنو سپر جائنٹس کو 95 کروڑ ڈالر میں خریدا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024