• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm

صبا قمر کا بولڈ لباس دیکھ کر دل اچاٹ ہوگیا، خلیل الرحمٰن قمر کا شکوہ

شائع November 22, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں مہوش حیات کے ساتھ کبھی کام نہ کرنے کی بات مذاق میں کہی تھی، جسے سچ سمجھ لیا گیا اور یہ کہ صبا قمر کی جانب سے لکس اسٹائل ایوارڈز میں پہنا گیا لباس دیکھ کر ان کا دل اچاٹ ہوگیا۔

خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ’دی ٹاک ٹاک شو‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے متعدد معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے ایک بار پھر ٹی وی پروگرام کے دوران سماجی رہنما ماروی سرمد کے ساتھ ہونے والے تنازع پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کی صرف لڑائی والی ویڈیو کلپس وائرل کرکے انہیں بدنام کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ماروی سرمد اپنی باری پر انہیں گالیاں بھی دیتیں تو وہ برداشت کر لیتے لیکن انہوں نے ان کی باری پر مداخلت کی، جس وجہ سے انہیں غصہ آیا۔

خلیل الرحمٰن قمر نے دعویٰ کیا کہ انہیں خواتین کو سخت جوابات دینے پر عوام میں پذیرائی ملی اور انہیں زیادہ تر مرد سراہتے ہیں۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ماروی سرمد سے اختلافات کے بعد ہی انہوں نے درست انداز میں ’فیمنزم‘ کا مطالعہ کیا اور وہ اس کے خلاف نہیں لیکن انہیں چند نعروں سے اختلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں سب سے زیادہ ’میرا جسم، میری مرضی‘ جیسے نعروں سے اختلاف ہے اور انہوں نے اسی پر اختلاف کو دور کرنے کے لیے خواتین سماجی رہنماؤں سے بھی اپیل کی لیکن کوئی انہیں قائل نہ کر سکا۔

ڈراما نگار نے پروگرام کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کے مخلوط تعلیمی نظام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو ایسا نظام نہیں ہونا چاہیے اور دوسرا یہ کہ اگر ایسا نظام بنایا جائے تو پھر دونوں پر سخت نظر رکھی جائے۔

انہوں نے مخلوط تعلیمی نظام کو لڑکیوں کی لڑکوں کو باآسانی دستیابی سے بھی جوڑا اور کہا کہ پہلے زمانے میں لڑکیاں دستیاب نہیں ہوتی تھیں تو مردوں کو منتیں کرنی پڑتی تھیں، اب ایسا نہیں اور ایسے ہی معاملات میں مردوں کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ وہ آنے والے کئی سال تک ہمایوں سعید کے ساتھ ہی کام کرتے رہیں گے، وہ ان کے ساتھ تب تک کام کریں گے جب تک ان کی عمر بطور ہیرو کام کرنے کی ہوگی۔

انہوں نے ہمایوں سعید کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہترین اداکار بھی قرار دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ماضی میں انہوں نے مہوش حیات کے ساتھ کبھی کام نہ کرنے کی بات مذاق میں کہی تھی، جسے لوگوں نے سچ سمجھا۔

انہوں نے مہوش حیات کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ آنے والے وقت میں بھی ان کے ساتھ کام کریں گے، وہ بہت پیاری اور اچھی اداکارہ ہیں۔

اسی طرح ایک سوال کے جواب میں ڈراما نگار نے کہا کہ اگر انہیں صبا قمر کی زندگی پر کتاب لکھنے کا موقع بھی ملے تو بھی وہ ان پر کوئی کتاب نہیں لکھیں گے، کیوں کہ ان کا ان سے دل اچاٹ ہوگیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حال ہی میں صبا قمر نے لکس اسٹائل ایوارڈز میں بولڈ لباس پہنا، جس کے بعد ان کا دل ان سے اچاٹ ہوگیا۔

اسی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ماہرہ خان کی زندگی پر کتاب لکھنے کا موقع ملے تو اس کا عنوان ’خوش رہو‘ رکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024