• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کرکٹر امام الحق کا ولیمہ، کھلاڑیوں سمیت اہم شخصیات کی شرکت

شائع November 27, 2023
فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

شادی کے بندھن میں بندھنے والے قومی کرکٹر امام الحق کے ولیمے کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں بابراعظم، شاہین آفریدی سمیت دیگر کرکٹرز نے شرکت کی۔

امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا۔

بعدازاں 23 نومبر کو لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں دولہے نے بھی استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی گنگنا کر تقریب میں چار چاند لگا دیے تھے۔

25 نومبر کو نکاح کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس کی تصاویر اور ویڈیوز امام الحق نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہیں۔

اب 26 نومبر کو لاہور میں امام الحق کے ولیمے کی تقریب منعقد کی گئی جہاں ٹیسٹ کپتان شان مسعود، ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی، سابق کپتان بابر اعظم، چیف سلیکٹر وہاب ریاض، سابق کپتان سرفراز احمد، مصباح الحق اور انضمام الحق نے شرکت کی۔

دعوت ولیمہ میں قومی کرکٹرز عابد علی، حسن علی، کامران اکمل، عثمان قادر، قومی ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر منصور رانا، سابق ڈائریکٹر پی سی بی ذاکر خان سمیت دیگر اہم شخصیات، عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

ولیمے میں امام الحق نے گہرے نیلے رنگ کا سوٹ جبکہ دلہن انمول نے انگوری رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا۔

سابق کپتان بابر اعظم نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر امام الحق کو مبارک دیتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی کی اننگز شروع کرنے کا وقت آگیا ہے، نئے سفر کیلئے نیک خواہشات‘۔

بابر اعظم نے امام الحق کو مشورہ دیا کہ ’براہ کرم اب سے اپنے دوستوں کے ساتھ بھی کچھ وقت گزارنے کی کوشش کریں، بھول نہ جانا‘۔

اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی امام الحق کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

محمد رضوان نے بھی امام الحق اور فہیم اشرف کو شادی کی مبارک دی اور خوشیوں بھری زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب پاکستان کی قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ولیمے کی تقریب ان کے آبائی گاؤں پھول نگر میں منعقد ہوئی جہاں موجودہ اور سابق کھلاڑیوں سمیت مقامی سیاسی، سماجی شخصیات اور کھیلوں سے وابستہ کئی اہم لوگوں نے شرکت کی۔

قومی آل راؤنڈر کے ولیمے کی تقریب میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان سمیت متعدد مقامی سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق، کامران اکمل، اظہر علی بھی فہیم اشرف کے ولیمے کی تقریب میں موجود تھے۔

نجی میڈیا سما ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ ’مجھے تو ابھی تک لگ ہی نہیں رہا کہ میری شادی ہورہی ہے، میرے دوست یاد کروا رہے ہیں کہ میری شادی ہوگئی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ماں باپ کی خوشی میں میری خوشی ہے۔‘

فہیم اشرف 26 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024