ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی ملتان سلطانز سے کراچی کنگز آمد
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھلاڑیوں کی ٹریڈ اور ٹرانسفر کا سیزن جاری ہے اور کراچی کنگز نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
شان مسعود اس سے قبل ملتان سلطانز کی فرنچائز کا حصہ رہ چکے ہیں اور ماضی میں ان کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔
کنگز اور سلطانز کے مابین ایک ٹریڈ ڈیل کے تحت شان مسعود کنگز کے اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں اور ٹریڈ ڈیل کے تحت ملتان سلطانز نے لیفٹ آرم رسٹ اسپنر فیصل اکرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
اس ٹریڈ ڈیل کے تحت ملتان سلطانز کو کراچی کنگز کی ڈائمنڈ راؤنڈ کی ایک پِک اور سلور راؤنڈ کی ایک پِک ملے گی۔
کراچی کنگز کی فرنچائز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ شان مسعود کو کراچی کنگز میں خوش آمدید کہتے ہیں اور وہ بلاشبہ کنگز کے اسکواڈ میں ایک بہترین اضافہ ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کراچی کنگز، پی ایس ایل کے سیزن 9 میں شان مسعود کے تجربے اور صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔
شان مسعود کے کراچی کنگز میں آنے کے بعد قوی امید ہے کہ انہیں ہی ٹیم کی قیادت سونپی جائے گی کیونکہ کراچی کنگز کے سابق کپتان عماد وسیمم اسلام آباد یونائیٹڈ جاچکے ہیں۔
دو مرتبہ کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز سے حسن علی کے بدلے عماد وسیم کی خدمات حاصل کر لی تھیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ 2019 کی لیگ کی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے ساتھ کھلاڑیوں کا تبادلہ کرتے ہوئے افتخار احمد کی جگہ رائلی روسو کی خدمات حاصل کر لی تھیں۔
اس کے علاوہ نسیم شاہ نے بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو الوداع کہہ دیا تھا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائز کا حصہ بن گئے تھے اور گلیڈی ایٹرز نے ان کی جگہ وسیم جونیئر اور ابرار احمد کی خدمات حاصل کر لی تھیں۔