• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ہمارے اردگرد والے چاند پر پہنچ گئے، ہم زمین سے نہیں اٹھ رہے، نواز شریف

شائع December 20, 2023
نواز شریف نے کہا کہ  میرے دور میں معاشی اشاریے اچھے تھے۔ فوٹو: ڈان نیوز
نواز شریف نے کہا کہ میرے دور میں معاشی اشاریے اچھے تھے۔ فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے اردگرد والے چاند پر پہنچ گئے، ہم زمین سے نہیں اٹھ رہے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشکل مرحلوں سے گزر کر آج اس مقام پر پہنچے ہیں، الیکشن کی بھر پور تیاری کر رہے ہیں، میرے دور میں معاشی اشاریے اچھے تھے، لاکھوں لوگوں کو روزگار مل رہا تھا، لوگ غربت کی لکیر سے نکل رہے تھے، میرے دور میں اشیا ضروریہ لوگوں کی قوت خرید میں تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرے دائیں بائیں وہ لوگ بیٹھے ہیں جن پر جھوٹے کیسز بنے، مجھے اور مریم کو جھوٹے کیسز میں اندر کیا گیا، عدالتوں نے بعد میں یہ کیسز باہر اٹھا کرپھینک دیے، میں نے اور مریم نے 150 کے قریب پیشیاں بھگتی اور جھوٹے کیسز میں سزا پائی، مجھے تا حیات نااہل کردیا گیا، یہ کہاں ہوتا ہے کہ ایک منتخب وزیراعظم کو اس طرح گھر بھیجا جائے، ہمیں نکال کر انہیں لانا ان کا ایجنڈا تھا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2017 میں پاکستان معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط تھا، آج ملک مسائل کےگرداب میں پھنس چکا ہے، ہم نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے، جو کچھ ملک کے ساتھ ہوا اس پر ہرپاکستانی دکھی ہے، یہ سلسلہ ایسے نہیں چل سکتا، ہمارےساتھ یہ حادثات ایک بار نہیں بار بار ہوئے ہیں، ہمارے اردگرد والے چاند پر پہنچ گئے، ہم زمین سے نہیں اٹھ رہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اس خطے میں سب سے آگے تھے لیکن نا جانے کس کی نظر لگ گئی ہمارے ملک کو، ہم 4 دن ترقی کے بعد 10 دن پیچھے چلے جاتے ہیں، بجلی کی لوڈشیدنگ کو ہم نے ختم کیا، یہ میٹرو بس کس نے بنائی ہے؟ ہمارے سوا کس نے موٹر ویز بنائی؟

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایجنڈہ یہ تھا کہ ہمیں نکالیں اور اسے لائیں، اس کو لانے کے لیے اسے صادق اور امین قرار دے دیا، اس کے آنے کے بعد بجلی مہنگی ہوگئی، مہنگائی ہوگئی، اس نے ملک کا بٹھا بیٹھا دیا، ہمارے دور میں لوگ کہتے تھے کہ بہت اچھا دور چل رہا ہے اگلا الیکشن بھی نواز شریف ہی جیتے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر قوم جس نے ترقی کی ہے اس نے خواتین کو ترقی میں ترجیح دی، ترقی کے لیے خواتین کو استعمال کیا ان کو آگے لے کر آئے اور ہم بھی ایسے ہی اپنے ترقی کے ہدف کو پورا کر سکیں گے، خواتین کو ترقی کے لیے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا پڑے گا، ہمیشہ خواتین کو پیچھے رکھا گیا ہے جب ہم عورتوں کو آگے لائیں گے تو بہت سے مسائل خود با خود ختم ہوجائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024