کھیلوں کے ایونٹس میں جوئے، سٹے کو فروغ دینے والے اشتہارات کی نشریات، تقسیم پر پابندی عائد

شائع December 26, 2023
— فائل فوٹو: آن لائن
— فائل فوٹو: آن لائن

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مختلف کھیلوں کے ایونٹس میں جوئے اور سٹے بازی کو فروغ دینے والی سروگیٹ کمپنیوں کے اشتہارات کی نشریات و تقسیم پر پابندی عائد کردی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لائسنس یافتہ تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز، لینڈنگ رائٹس پرمیشن ہولڈرز اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک آپریٹرز پیمرا آرڈیننس 2002، (ترمیمی) ایکٹ 2023 کی شق 27 کے تحت اس حکم پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

پیمرا کی جانب سے جاری مراسلہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے 21 دسمبر 2023 اور 6 اکتوبر 2023 کو سروگیٹ کمپنیوں کے لیے زیرو ٹالرینس کی پالیسی سے متعلق جاری کیے گئے خطوط کا تسلسل ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نے پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 (اے) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، جس میں پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2023 میں ترمیم کی گئی ہے، سروگیٹ کمپنیاں جو ملک میں ٹیلی کاسٹ، براڈ کاسٹ یا ری براڈ کاسٹ ہونے والے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں سٹے بازی کو فروغ دے رہی ہیں، کے اشتہارات کی نشریات یا تقسیم (کسی بھی طریقے سے ہو) پر پابندی عائد کر دی ہے اور یہ معاملہ اتھارٹی کو مناسب سفارشات کے لیے کونسل آف کمپلینٹس (اسلام آباد) کو بھیجا جاتا ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پیمرا کے احکامات کی عدم تعمیل یا خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا قوانین کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024