برطانوی ہائی کمشنر کی نواز شریف سے ملاقات، ’اجتماعیت کے حامل انتخابات پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم ہیں‘

شائع January 8, 2024
— فوٹو: مسلم لیگ (ن) ایکس
— فوٹو: مسلم لیگ (ن) ایکس

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے اجتماعیت کے حامل انتخابات کے انعقاد کو پاکستان کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

ملک میں عام انتخابات ایک ماہ بعد ہونے والے ہیں تاہم سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے سیاسی میدان میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے کے حوالے سے تحفظات اور الزامات سامنے آرہے ہیں۔

انہی خدشات پر آج لاہور میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی بات کی گئی۔

مسلم لیگ (ن) سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ’اجتماعیت کے حامل انتخابات پاکستان کے مستقبل کے لیے اہم ہیں‘۔

نواز شریف اور جین میریٹ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سینیٹر اسحٰق ڈار اور سینئر نائب صدر مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے لیگی رہنماؤں کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں سے اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024