سندھ: کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ سے متعلق ہدایت نامہ جاری
محکمہ صحت سندھ نے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ ’جے این ون‘ سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے تمام ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو بھی نئے ویرینٹ سے متعلق اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد اور ان سے منسلک افراد کی نشاندہی کرکے قرنطینہ کیا جائے، تمام ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز میں کورونا وارڈ قائم کیے جائیں اور متاثرہ علاقوں میں ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئے کیسز کی تشخیص مضبوط سرویلنس سسٹم کے تحت مانیٹر کی جائے۔
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے اب تک 6 کیسز سامنے آچکے ہیں۔