متوقع پی ٹی آئی امیدوار کے لاپتا ہونے کے معاملے پر وزارت دفاع، داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹریز عدالت طلب

شائع January 10, 2024
— فوٹو: سوشل میڈیا
— فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سرگودھا سے پاکستان تحریکِ انصاف کے متوقع امیدوار عبداللہ کاہلوں کے ایئرپورٹ سے لاپتا ہونے کے معاملے پر وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹریز کو طلب کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق نے عبداللہ کاہلوں کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ عبداللہ کاہلوں کو ایئرپورٹ سے باہر آنے تک کیمروں میں دیکھا جا سکتا ہے، ایئرپورٹ کے باہر سے وہ تین چار لوگوں کے ساتھ چلا گیا، کوئی مزاحمت نظر نہیں آئی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ جو تین چار لوگ لے کر جا رہے ہیں ان کے چہرے دیکھے جا سکتے ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے بتایا کہ نہیں، اُن لوگوں کے چہرے نظر نہیں آ رہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ کیا ایئرپورٹ کی پارکنگ میں بھی کیمرے لگے ہیں؟

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ اب اِس معاملے کو آگے کیسے لے کر چلنا ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور دوگل نے بتایا کہ ہم اداروں کو بھیج دیتے ہیں کہ وہ ٹریس آؤٹ کریں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ یہ میرے آرڈر کی خلاف ورزی ہے، میں اپنے آرڈر پر عمل درآمد کیسے کراؤں؟

چیف جسٹس نے کہا کہ وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع کے جوائنٹ سیکرٹریز کو طلب کر رہا ہوں۔

بعد ازاں، عدالت نے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024