• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی: گتے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 7 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا

شائع January 27, 2024
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں گتے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 7 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا اور واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق سائٹ ایریا میں جی سی ٹی کالج کے پاس گتے کی فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تو فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں ہنگامی بنیادوں پر جائے وقوع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

گتے کی فیکٹری میں لگنے والی آگ نے تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا تو شہر کے متعدد ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور آٹھ سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

جائے وقوع پر اطراف کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین اور عینی شاہدین نے بتایا کہ پہلے پہل خود آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور فائربریگیڈ کو اطلاع دینے کے باوجود گاڑیاں بروقت نہیں پہنچیں۔

آگ بجھانے میں فائربریگیڈ کی نو گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے حصہ لیا۔

جائے حادثہ پر موجود مزدور نے بتایا کہ آگ صبح ساڑھے آٹھ بجے آگ لگی اور فائر بریگیڈ کا عملہ پونے 10 بجے فیکٹری پہنچا، ساتھ والی فیکٹری کی مدد نہ ہوتی تو آگ مزید پھیل سکتی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور عمارت میں وافر مقدار میں موجود گتے کے رول جل گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بچے کچے گتے کے رولز کو لفٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، آگ سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024