• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

ٹی وی چینل نے اینکر اشفاق اسحٰق کو معطل کردیا

شائع January 29, 2024
—فوٹو: ٹوئٹر
—فوٹو: ٹوئٹر

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز نے گھریلو تشدد کے الزامات کے بعد میزبان اشفاق اسحٰق کو فوری طور پر معطل کردیا۔

اشفاق اسحٰق پر ان کی دوسری اہلیہ نومیکا نے بدترین تشدد اور جان سے مارنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

خاتون نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ شوہر انہیں والدہ کے گھر سے مارتے اور پیٹتے اپنے گھر لے آئے، انہیں کئی دن تک گھر میں بھوکا اور پیاسا بند رکھا گیا، انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔

نومیکا نے بتایا تھا کہ وہ کسی طرح شوہر کے گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے عباسی شہید میں اپنا میڈیکل چیک اپ کروانے کے بعد پولیس تھانے میں رپورٹ بھی درج کروائی۔

نومیکا نے بتایا تھا کہ مذکورہ واقعہ 22 جنوری کا ہے اور انہوں نے ناظم آباد تھانے میں شوہر کے خلاف مقدمہ دائر کروایا لیکن پولیس نے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔

اہلیہ کی جانب سے مبینہ تشدد کے الزامات سامنے آنے کے بعد اب ٹی وی چینل نے اشفاق اسحٰق کو فوری طور پر معطل کردیا۔

ٹی وی چینل انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ تشدد کے الزامات سامنے آنے کے بعد میزبان کو معطل کیا جا رہا ہے اور قانونی کارروائی مکمل ہونے اور اصل حقائق سامنے نہ آنے تک وہ معطل رہیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق چینل کام کی جگہ سمیت گھریلو تشدد کے حوالے سے زیرو عدم تشدد کی پالیسی رکھتا ہے اور ایسے کسی بھی واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

واضح کیا گیا کہ جب تک اشفاق اسحٰق پر تشدد کے الزامات کا معاملہ مکمل طور پر حل نہیں ہوتا تب تک وہ معطل رہیں گے۔

اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات لگائے جانےکے بعد اشفاق اسحٰق پر تنقید کی گئی جب کہ ان کی ساتھی میزبان کرن ناز نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے بیوی پر کوئی تشدد نہیں کیا بلکہ بیوی نے ان پر تشدد کیا۔

کرن ناز نے اپنی طویل ٹوئٹ میں یہ انکشاف بھی کیا کہ اشفاق اسحٰق کی تین شادیاں تھیں اور نومیکا ان کی دوسری بیوی ہیں، جن کے پاس اینکر کی پہلی بیوی کے تین بچے بھی رہتے ہیں اور وہ بچے میزبان کی تیسری بیوی کے پاس جانا چاہتے ہیں تو نومیکا ان پر تشدد کرتی ہیں۔

کرن ناز نے دعویٰ کیا تھا کہ اشفاق اسحٰق نے صرف نومیکا کو دھکا دیا تھا، جس سے وہ دروازے سے لگ کر زخمی ہوئیں اور یہ کہ وہ اپنے بھائیوں اور اہل خانہ سمیت اینکر کو بلیک میل کرتی رہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024