• KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:53pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:48pm
  • ISB: Maghrib 7:21pm Isha 9:03pm
  • KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:53pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:48pm
  • ISB: Maghrib 7:21pm Isha 9:03pm

سبی میں پی ٹی آئی ریلی کے قریب دھماکا، 4 افراد جاں بحق

شائع January 30, 2024

صوبہ بلوچستان کے شہر سبی میں جناح روڈ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق سبی میں انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں دھماکا ہو گیا۔

سبی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بابر نے عام انتخابات سے محض 9 دن قبل ہونے والے دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تصدیق کردی ہے۔

ایس ایچ او سٹی سبی پولیس اسٹیشن ذکا اللہ گجر نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زخمی افراد کو سول ہسپتال سبی منتقل کیا جا رہا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے ضلع سبی میں تحریک انصاف کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ افسوسناک واقعے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکےکی نوعیت کا معلوم نہیں ہوسکا اور سبی سمیت بلوچستان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا۔

دھماکے کے بعد محکمہ صحت نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024