جنوبی وزیرستان: رستم بازار میں پولیس وین کے قریب دھماکا، 2 اہلکار زخمی

شائع February 6, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

جنوبی وزیرستان کے علاقے رستم بازار وانا میں پولیس وین کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ حافظ میڈیکل کیمپلیکس کے قریب پولیس گاڑی پر دھماکا ہوا، جس سے 2 اہلکار زخمی ہوئے۔

مزید بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، دھماکے کے بعد پولیس نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد حملوں کے سبب سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل درابن میں تھانہ چودہوان پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 2 فروری کو بلوچستان کے علاقے مچھ اور کولپور میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے 3 حملوں کو ناکام بنایا تھا اور 3 روز تک جاری رہنے والے کلیئرنس آپریشن کے دوران 24 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ 4 سکیورٹی اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے۔

20 جنوری کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں باڑہ پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024