• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جہانگیر ترین کا استحکام پاکستان پارٹی کی چیئرمین شپ، سیاست چھوڑنے کا اعلان

شائع February 12, 2024
جہانگیر ترین —فائل فوٹو: ڈان
جہانگیر ترین —فائل فوٹو: ڈان

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے چیئرمین جہانگیر ترین نے پارٹی چیئرمین شپ اور سیاست دونوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ کرتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور میں اپنے حریفوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں لہٰذا میں نے بطور چیئرمین آئی پی پی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق ملک کی خدمت کرتا رہوں گا۔

یاد رہے کہ جہانگیر ترین نے عام انتخابات 2024 میں این اے 149 ملتان اور این اے 155 لودھراں سے حصہ لیا تھا، این اے 149 میں انہیں آزاد امیدوار ملک عامر ڈوگر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ این اے 155 میں انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خان محمد صدیق نے ہرا دیا تھا۔

جہانگیر ترین کے استعفی پر رد عمل دیتے ہوئے ان کی جماعت کے صدر علیم خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کیا کہ جہانگیر خان ترین صاحب کے فیصلے سے دلی دُکھ ہوا، وہ ہمیشہ آئی پی پی اور ہم سب کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا کسی بھی حکومت میں ہونا اُس حکومت کے لیے اعزاز کی بات ہے، سیاست سے ہٹ کر وہ انسانیت کا درد رکھنے والی شخصیت ہیں، بطور چھوٹا بھائی اور آئی پی پی صدر کی حیثیت سے انہیں اور اُن کی فلاحی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ انہیں صحت و سلامتی اور کامیابی سے ہمکنارکرے۔ آمین۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024