• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی سمیت ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

شائع April 15, 2024
—فائل فوٹو: ڈان ںیوز
—فائل فوٹو: ڈان ںیوز

ملک کے بیشتر اضلاع میں آنے والے دنوں میں بارشوں کے نئے سلسلے جبکہ بالائی علاقوں میں مزید برفباری و ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں 18 اپریل سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، شہر قائد میں کل کئی علاقوں میں مسلسل ابر رحمت برسا مگر آج مزید بارش کا امکان نہیں، البتہ مطلع ابرآلود رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ 17اپریل کو داخل ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ روز بارش توقع کے مطابق ہوئی، اور مناسب برسات کے باعث رواں سال زیادہ گرمی کا امکان نہیں۔

سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ مئی اور جون میں گرمی ہوگی مگر زیادہ نہیں ہوگی۔

دوسری جانب، خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور خطہ پوٹھوہار میں مزید بارش اور ژالہ باری کی توقع کی گئی ہے، جس کی تفصیل یوں ہے:

اسلام آباد اور دیگر اضلاع

آنے والے دنوں میں اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

مری

ملکہ کوہسار مری میں آج تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، بارش کے بعد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے سیاح ہوٹلوں سے باہر نکل آئے، تین روز سے جاری مسلسل بارشوں سے جاتی سردی پھر سے لوٹ آئی مری میں درجہ حرارت 7 ڈگری تک گرچکا ہے۔

مری اور گلیات میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے ۔

کشمیر، گلگت

اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور ژالہ باری متوقع جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

بلوچستان

ژوب شیرانی بارکھان، کوہلو، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلات، اور ہرنائی میں بھی آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز سے شروع بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، پشاور میں بارش کے بعد شاہراہوں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

پشاور میں یونیورسٹی، صدر،کوہاٹ اور جی ٹی روڈ پر پانی جمع ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارش کے باعث لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں تغیانی کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چترال میں 19،مالم جبہ 13،لنڈی کوتل میں 10 ملی میٹر اور کالام اور پاراچنار میں 9 اور پشاور میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024