• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بلوچستان: کوہلو میں دوبارہ پولنگ کے دوران ڈیوٹی نہ کرنے پر 28 لیویز اہلکار برطرف

شائع April 27, 2024
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 9 میں دوبارہ پولنگ کے دوران ڈیوٹیاں ادا کرنے میں غفلت پر حکومت نے لیویز فورس کے 28 اہلکاروں کو برطرف کر دیا، جس میں نائب ریسالدار، 5 کانسٹیبل اور 22 جوان شامل ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ کی جانب سے فیصلے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے حکم پر 24 اپریل کو شیڈول 4 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات کے لیے ان اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بناسکیں۔

تاہم، یہ اہلکار متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر رپورٹ کرنے میں ناکام رہے، جہاں پولنگ کا عمل مختلف پُرتشدد واقعات کے سبب شدید متاثر ہوا، جبکہ حملوں، سڑک پر بارودی سرنگ کے دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں پولنگ کا عملہ نہیں پہنچ سکا تھا۔

نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ تحقیقات کی گئیں تو یہ اہلکار اپنی ڈیوٹی پر پہنچنے میں ناکام رہنے کی وجوہات نہیں بتاسکے، انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائیاں شروع کی گئیں، اور زور دیا کہ جان و مال کے تحفظ میں غفلت برتنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ 24 اپریل کو بلوچستان کے علاقے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے باعث صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا تھا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا تھا کہ امن وامان کی مخدوش صورتحال اور راستہ غیر محفوظ ہونے کے باعث عملے کو پولنگ اسٹیشنز میں پہنچنے میں دشواری پیش آرہی ہے آج علی الصبح سڑک پر بارودی سرنگ دھماکے اور مختلف مقامات پر بارودی سرنگ بچھانے کے باعث عملے کو پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ 16 فروری کو پی بی 9 کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے چنگیز خان کامیاب ہوئےتھے۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی کے رہنما میر نصیب اللہ نے 7 میں سے 4 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا تھا۔

اس کے بعد الیکشن کمیشن نے چنگیز خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے 24 اپریل کو پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا جسے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

22 اپریل کو سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن کرانے کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے نواب چنگیز خان کی اپیل مسترد کر دی تھی اور الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 24 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024