• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

9 مئی کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے، صدر مملکت

شائع May 9, 2024
فائل فوٹو: ڈان
فائل فوٹو: ڈان

صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں 9 مئی یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائےگا، ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا، سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

آصف زرداری نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے، 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

دوسری جانب وزیراعظم نےکہا کہ 9 مئی کو ایک سال گزر گیا لیکن قوم ملک کے مجرموں کو نہیں بھولی، قوم سے وعدہ ہے کہ 9 مئی جیسا واقعہ پھربھی نہیں ہوگا، ہمیں آگے بڑھنا ہے اورترقی کی منازل طے کرنی ہیں۔

اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 9 مئی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم ِ سیاہ کے طور پر قوم کو یاد رہے گا، اس دن سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچا کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا ، مشتعل ہجوم نے سرکاری و نجی املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا،9 مئی کے واقعات سے پوری دنیا میں ملک کی ساکھ بری طرح تباہ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پر تشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات کی تکمیل کی گئی، حملے ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور ادارے کمزور کرنے کی منظم سازش تھی، پر امن احتجاج اور تعمیری تنقید جمہوریت کی اصل روح ہوتی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سانحہ 9 مئی کی برسی پرپیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کا دن بھی ملکی تاریخ کا ایک اورسیاہ دن ہے، قائداعظم کے گھر اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، 9 مئی کے واقعات ملک میں فسطائیت مسلط کرنےکی سازش تھے، سب کو پتا ہے 9 مئی کےقابلِ مذمت واقعات کس کے اُکسانے اور کس کی ایما پر کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 9 مئی کےواقعات پر مٹی پاؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے ایسےاقدام کی کوئی مثال نہیں ملتی، خفیہ دستاویزات لیک کرنا اور فوجی تنصیبات پرحملے سیاست نہیں، ملک دشمنی ہے، 9 مئی واقعات کی چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، تمام پارٹیوں کویقین دہانی کراناہوگی کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ تسلیم کیا جائے گا۔

9 مئی کا ماسٹرمائنڈ بانی پی ٹی آئی تھا، عظمی بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے 9 مئی کے حوالے سے کہا کہ 9 مئی ہولناک، افسوسناک اور شرمناک دن ہے، وہ لمحات یاد کرکے ہر محب وطن پاکستانی کا دل خون کے آنسو روتا ہے، ایک سیاسی انتہا پسند گروہ نے افواج پاکستان پر چڑھائی کرنے کی منظم سازش کی، 9 مئی پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ فوجی تنصیبات پر منظم پلاننگ سے حملے پاک فوج کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازش تھی، شہدا کے مجسموں کو جلایا گیا، یادگاروں کی توہین کی گئی، پوری دنیا میں مہذب قومیں اپنے شہدا کو ماتھے کا جھومر سمجھتی ہیں۔

یاد رہے کہ آج وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، وفاقی کابینہ 9 مئی کو یومِ سیاہ اور یوم یکجہتی شہداء کے طور پر منائے گی، سندھ، پنجاب اور بلوچستان اسمبلیوں کے اجلاس بھی آج طلب کیے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ 9 مئی کی مذمتی قرارداد لائی جائے گی اور حکومت کی جانب سے آرڈیننس بھی پیش کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بے امنی دیکھی گئی تھی۔

9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے، اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024