محب مرزا کی ٹی وی شو کے دوران صنم سعید سے اظہار محبت کی ویڈیو وائرل
مقبول اداکار و ٹی وی میزبان محب مرزا کی جانب سے ٹی وی پروگرام کے دوران اہلیہ صنم سعید کے ساتھ اظہار محبت کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو دو ماہ قبل صنم سعید کی جانب سے شوہر محب مرزا کے شو میں شرکت کرنے کی ہے، جہاں اداکارہ نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی تھی۔
اسی شو کے اختتام پر محب مرزا نے اہلیہ صنم سعید کی خواہشات کی تکمیل پر دعا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔
وائرل مختصر ویڈیو میں محب مرزا اپنی اہلیہ صنم سعید کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ ان کی زندگی میں آئیں اور انہیں محبت دی۔
ساتھ ہی ویڈیو میں محب مرزا اہلیہ سے اظہار محبت کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ ان سے اتنی محبت کرتی ہیں۔
محب مرزا کی جانب سے صنم سعید سے اظہار محبت کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور بعض افراد نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار بھی کیا کہ دونوں کی شادی کب ہوئی؟
محب مرزا اور صنم سعید نے مارچ 2023 میں فہد مصطفیٰ کے شو میں شادی کا اعتراف کیا تھا، اس سے قبل دو سال تک ان کی شادی کی افواہیں چلتی رہی تھیں اور دونوں مختلف مواقع پر مبہم انداز میں شادی کرنے کا اعتراف کر چکے تھے۔
اسی طرح اکتوبر 2018 میں اپنے ہی شو میں ندا یاسر اور شائستہ لودھی کے سوال پر محب مرزا نے بتایا تھا کہ 2018 کے ڈراما سیریل ’دیدن‘ کے سیٹ پر انہوں نے صنم سعید کو پروپوز کیا تھا۔
لیکن بعد ازاں نومبر 2023 میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران محب مرزا نے صنم سعید کی خاطر اپنی پہلی بیوی آمنہ شیخ کو دھوکا دینے کے دعووں کو مسترد کردیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کے صنم سعید سے تعلقات اس وقت استوار ہوئے جب ان کی پہلی اہلیہ سے طلاق ہوچکی تھی۔
محب مرزا اور آمنہ شیخ کے درمیان اکتوبر 2019 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔
لیکن محب مرزا نے خود ہی ایک شو میں بتایا تھا کہ انہوں نے صنم سعید کو 2018 میں شادی کی پیش کش کی تھی، یعنی انہوں نے طلاق سے قبل ہی ان کے ساتھ اظہار محبت کیا تھا۔