• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

امریکا میں بگولوں اور طوفان کی زد میں آ کر 9 افراد ہلاک

شائع May 27, 2024
فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

وسط امریکا میں بگولوں اور شدید طوفان کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس، آرکاناس اور اوکلوہاما شدید طوفان کی لپیٹ میں ہیں اور ہفتے کو رات گئے طوفان آنے کے بعد سے ان ریاستوں کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔

ٹیکساس میں کوک کاؤنٹی کے شیرف رے سیپنگٹن نے بتایا کہ ڈیلس کے شمال میں واقع ویلی ویو ایریا میں بگولوں کی زد میں آ کر 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے اور لوگوں کی تلاش اور انہیں باحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

سیپنگٹن نے کہا کہ بگولوں کی زد میں آ کر گیس اسٹیشن کے ساتھ ساتھ کئی گھر بھی تباہ ہو گئے اور ہائی وے پر کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔

شیرف نے بتایا کہ تباہی انتہائی سنگین نوعیت کی ہے جس میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے لیکن کسی کو بھی سنگین نوعیت کی انجریز نہیں ہوئیں۔

دوسری جانب اوکلوہاما میں ہفتے کو رات گئے میز کاؤنٹی میں بگولوں کی زد میں آ کر دو افراد ہلاک ہو گئے۔

اسی طرح شمالی آرکاناس میں اتوار کی صبح آنے والے طوفان کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریاست انڈیانا میں طوفان کی وجہ سے سال کی سب سے اہم ترین ریس تصور کی جانے والی ’انڈیا پولیس500‘ کو ملتوی کردیا گیا جہاں اس ریس میں سوا لاکھ لوگوں کی آمد متوقع تھی۔

طوفان کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹیکساس سے کنساس، میزوری، آرکاناس، ٹنیسی اور کین ٹکی میں تقریباً 5 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ اب بھی کئی مقامات پر بگولے بدستور متحرک ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024