نکی ہیلی نے اسرائیلی شیل پر ’انہیں ختم کردو‘ لکھا، اسرائیلی قانون ساز
سابق امریکی صدارتی امیدوار نکی ہیلی کی تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ان کو لبنان کے ساتھ واقع شمالی سرحد کے قریب مقامات کا دورہ کرتے ہوئے اسرائیلی شیل پر ’انہیں ختم کردو‘ لکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ تصویر منگل کو ایکس پر اسرائیلی پارلیمان کے رکن اور اقوام متحدہ میں سابق سفیر ڈینی ڈینن نے پوسٹ کی جو نکی ہیلی کے دورے پر ان کے ساتھ تھے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کہا کہ میری دوست سابق سفیر نکی ہیلی نے لکھا ہے کہ ’انہیں ختم کردو‘، ڈینی ڈینن کی پوسٹ میں نکی ہیلی کو جامنی رنگ کے مارکر کے ساتھ ایک خول پر گھٹنے کے بل بیٹھ کر یہ لکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ نکی ہیلی ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں اقوام متحدہ کی مندوب تھیں اور ان کی مدت ملازمت ڈینی ڈینن کے ملازمت کے ساتھ ختم ہو گئی تھی۔
52 سالہ ہیلی مارچ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں ریپبلکن پارٹی کے پرائمری مقابلوں میں بھاری شکست کے بعد صدارتی امیدوار کی باگ ڈور سے باہر ہوگئیں تھیں اور گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ انتخابات میں انہیں ووٹ دیں گی، ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں اپنا نائب صدر بنانے سے انکار کر دیا ہے لیکن وہ 2028 میں ممکنہ صدارتی امیدوار ہوں گی۔
وائٹ ہاؤس نے منگل کو کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا رفح پر اتوار کو ہونے والے بے رحمانہ حملے کے باوجود اسرائیل کی پالیسی کو تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں لیکن انہوں نے فلسطینی شہریوں کی حالتِ زار پر آنکھیں بند نہیں کی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ اتوار کو اسرائیل نے ظلم کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے صہیونی طیاروں نے اقوام متحدہ کی جانب سے محفوظ قرار دیے گئے رفح کے علاقے میں شدید بمباری کی تھی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید ہوگئے، جس میں زیادہ تر بچے اور خواتین تھے۔