خیبر پختونخوا: دوسرے صوبوں سے قربانی کے جانوروں کیلئے ہیلتھ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار
حکومت خیبر پختونخوا نے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے دوسرے صوبوں سے لائے جانے والے قربانی کے جانوروں کے لیے ہیلتھ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے بغیر ہیلتھ فٹنس سرٹیفکیٹ دوسرے صوبوں سے جانور لانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کردی ہے۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر محکمہ لائیو اسٹاک نے 7 اضلاع میں دفعہ 144 لگانے کی سفارش کی تھی۔
محکمہ لائیو اسٹاک نے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان)، کرک، لکی مروت، نوشہرہ، کوہاٹ، صوابی اور ہری پور کے کمشنرز کو خطوط ارسال کردیے تھے۔
خط کے مطابق بغیر ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے شہر میں جانوروں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے، صوبے میں تمام انٹری پوائنٹس پر مؤثر مانیٹرنگ کی جائے۔