• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شاہین سے کوہلی تک: 5 یادگار پاک – بھارت ٹاکرے

شائع June 8, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں کل 9 جون کو نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت 13ویں بار مدمقابل ہوں گے، اب تک کے مقابلوں میں بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے جو 12 میں سے 9 میچز جیت چکی ہے، جب کہ پاکستان کو صرف 3 میں کامیابی حاصل ہوئی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں شائقین کرکٹ کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مقابلے کا بے صبری سے انتظار ہے جو کل نیویارک کے نساؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے جارہا ہے۔

پاک – بھارت ٹاکرے کے لیے نیویارک میں موجود پاکستان اور بھارتی شہریوں کے درمیان بھرپور جوش وخروش پایا جاتا ہے، اس مقابلے کی ٹکٹ 20 ہزار امریکی ڈالر ہونے کے باوجود شائقین کرکٹ ہرحال میں اس مقابلے کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر براہ راست دیکھنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق کمشنر للت مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ روایتی حریفوں کے درمیان نیویارک میں شیڈول میچ کے ٹکٹ کی قیمت 20ہزار امریکی ڈالر(56لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان اور بھارت صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مقابلوں میں مدمقابل ہوتے ہیں، آخری بار دونوں ٹیموں کا ٹاکرا آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2022 میں ہوا تھا، میلبرن میں ہونے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

ٹی20 میں پاک – بھارت مقابلوں میں اب تک انڈیا کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 5 کانٹے دار مقابلے درج ذیل ہیں۔

ایم ایس دھونی

پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی20 مقابلہ 2007 میں جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ہوا جو بغیر کسی نیتجے کے ختم ہوا اور تب تک آئی سی سی نے سپر اوور متعارف نہیں کروایا تھا لہذا میچ کا فیصلہ بال آؤٹ – فٹبال کی طرح پینلٹی شوٹس پر ہوا۔ (اس میں دونوں ٹیموں کے باؤلرز وکٹیں اڑانے کی کوشش کرتے ہیں اور جو زیادہ بار بیلز اڑانے میں کامیاب ہوتا ہے، وہی ٹیم جیت جاتی ہے)۔

پاکستان نے گروپ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹ کے نقصان پر 141 رنز بنائے اور بھارت بھی اتنے ہی رنز بناسکا، تاہم بال آؤٹ میں اس وقت کے بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ریگولر باؤلرز کے بجائے نان ریگولر باؤلرز کو گیند تھمائی۔

بھارت کی جانب سے پارٹ ٹائم باؤلرز وریندر سہواگ، روبن اتھاپا اور آف اسپنر ہربجھن سنگھ بیلز اڑانے میں کامیاب رہے، اس کے برعکس پاکستان نے اپنے ٹاپ باؤلرز کو آزمایا اور حیران کن طور پر یاسر عرفات، عمر گل اور شاہد آفریدی کی گیند وکٹوں کو چھوئے بغیر نکل گئیں۔

خیال رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ میں یہ واحد میچ تھا جس کا فیصلہ بال آؤٹ کی بنیاد پر ہوا، بعد میں آئی سی سی نے سپر اوور متعارف کروادیا تھا۔

مصباح الحق

ٹی20 ورلڈکپ 2007 میں گروپ اسٹیج کے مقابلے کے 10 دن بعد دونوں ٹیموں کا سامنا جوہانسبرگ میں ہونے والے فائنل میں ہوا، اور دونوں ٹیمیں پہلی اورآخری بار ٹی20 ورلڈکپ فائنل میں مدمقابل ہوئیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوئی، شائقین کرکٹ، یہاں تک کہ خود پاکستانی ٹیم بھی ہمت ہارچکی تھی تاہم مصباح الحق وکٹ کی دوسری سائیڈ پر آخر تک ڈٹے رہے، اور آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 13 رنز درکار تھے۔

مصباح الحق نے ایک بار پھر اپنے دماغ کا استعمال کرتے ہوئے ایک غیر معروف باؤلر جوگیندر شرما کو گیند تھمائی، ایک وائیڈ اور ایک ڈاٹ بال کے بعد مصباح الحق نے زوردار چھکا لگایا، اب قومی ٹیم کو پہلا ٹی20 ورلڈکپ اپنے نام پر کرنے کے لیے 4 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے۔

مصباح الحق نے تیسرے گیند پر سیدھی شارٹ مارنے کے بجائے اسکوپ شارٹ مارنے کی کوشش کی اور گیند ہوا میں بلند ہوگئی اور شارٹ فائن لیگ پر موجود سری شانتھ کے ہاتھوں میں پہنچتے ہی پاکستان کی ٹرافی گھر لانے کی ساری امیدیں دم توڑ گئیں، کیوں کہ بھارت 5 رنز سے ٹی20 ورلڈکپ چیمپئن بن چکا تھا۔

شاہین آفریدی

متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ میچ میں پاکستان کے مقابلے میں بھارتی ٹیم کو فیورٹ سمجھا جارہا تھا لیکن شاہین شاہ آفریدی نے بھارتیوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

شاہین آفریدی نے روہت شرما کو پہلی ہی گیند پر پویلین واپس بھیجنے کے بعد کے ایل راہل کو آؤٹ کرکے صرف 31 رنز پر انڈیا کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کیا، ویرات کوہلی 57 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بنے۔

ابتدائی وکٹیں جلدی گرنے کے باوجود بھارت 151 رنز بنانے میں کامیاب رہا، تاہم پھر بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹی20 کی مشہور زمانہ اننگز 0-152 کھیلی جو آج تک بھارتیوں کو یاد ہے، بابراعظم 68 اور محمد رضوان 79 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پاکستان بھارت کے خلاف ٹی20 ورلڈکپ میں پہلی مگر تاریخی جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

محمد نواز

سال 2022 میں ہونے والے ایشیاکپ کےدوران پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دبئی میں ہوا، بھارت نے ویرات کوہلی کی 60 رنز کی اننگز کی بدولت 181 رنز بنائے، تاہم محمد نواز اور شاداب خان میچ میں نپی تلی باؤلنگ نہیں کرتے تو یہ ہدف مزید بڑا ہوسکتا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی، تاہم محمد نواز نے آخری لمحات میں 20 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کو ایک گیند قبل 5 وکٹوں سے جیت دلائی۔

ویرات کوہلی

رویتی حریف آخری بار 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ میچ میں میلبرن میں مدمقابل ہوئے، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 31 رنز پر 4 کھلاڑی گنوا چکی تھی، ایسے میں ویرات کوہلی مرد بحران ثابت ہوئے، انہوں نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ ملکر نہ صرف 113 رنز کی شراکت قائم کی بلکہ 53 گیندوں پر 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بھارت کو جیت سے بھی ہمکنار کروایا۔

بھارت کو 12 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے لیکن 19ویں اوور میں ویرات کوہلی کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو لگائے گئے 2 یادگار چھکے آج بھی پاکستانی قوم نہیں بھولی، بھارت نے میچ آخری گیند پر 4 وکٹ سے جیت لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024