حج پر جانے سے روکنے کا معاملہ، عمران ریاض نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی
عدالتی احکامات کے باوجود وی لاگر و اینکرپرسن عمران ریاض خان کو حج پر جانے سے روکنے کے معاملے پر عمران ریاض نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
ڈان نیوز کے مطابق درخواست میں سیکریٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، امیگریشن، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران ریاض نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ عمران ریاض خان کو حج پر جانے سے نہ روکا جائے، عمران ریاض خان کو عدالتی احکامات اور سفری دستاویزات ہونے کے باوجود آف لوڈ کر دیا گیا۔
درخواست کے مطابق عمران ریاض خان کو سعودی عرب جانے کے لیے بورڈنگ کی اجازت نہ دی گئی، عمران ریاض خان کی معلومات کے مطابق وہ کسی مقدمے میں تفتیش کے لیے بھی مطلوب نہیں ہیں، فریقین نے جان بوجھ کر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ فریقین کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا جائے، فریقین کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 11 جون کے احکامات پر عمل درآمد کا بھی حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ 12 جون کو یوٹیوبر اور اینکر عمران ریاض خان کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
وکیل عمران ریاض ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض کو احرام میں ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد جن کے ساتھ پولیس بھی تھی انہوں نے گرفتار کر لیا ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ پر ہاتھا پائی بھی ہوئی، عمران ریاض تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔
دوسری جانب، عمران ریاض خان کے ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ عمران ریاض خان کو ایئرپورٹ عدالتی احکامات کے باوجود احرام میں وردی اور بغیر وردی افراد نے گرفتار کیا، عمران ریاض خان کو دھکے اور بدتمیزی سے گرفتار کیا، وہ اونچی آواز میں لبیک اللہ پڑھتے رہے ان کو ایک کالے ویگو میں بٹھایا گیا۔