فرحان سعید کی عاطف اسلم بننے کی خواہش کے میرے بیان کو غلط لیا گیا، گوہر ممتاز
معروف موسیقار و گلوکار گوہر ممتاز نے دعویٰ کیا ہے کہ چند ماہ قبل ان کی جانب سے فرحان سعید سے متعلق دیے گئے بیان کو غلط پیش کیا گیا، ان کے کہنے کا مطلب وہ نہیں تھا جو بیان کیا گیا۔
گوہر ممتاز نے ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں وضاحت کی کہ ان سے 20 سال پرانی بات پوچھی گئی تھی، جس پر انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت شائقین فرحان سعید کا عاطف اسلم سے موازنہ کر رہے تھے جو کہ غلط ہے۔
ان کے مطابق اس وقت ان کے میوزیکل بینڈ میں کام کرنے والے عاطف اسلم چلے گئے تو ان کی جگہ فرحان سعید نے لی اور انہوں نے سخت محنت کرکے اپنا مقام بھی بنایا۔
ان کے مطابق اس وقت شائقین کو توقع تھی کہ فرحان سعید بھی عاطف اسلم کی طرح ہی پرفارم کریں اور وہ ان کی طرح عادت جیسے گانے بنائیں جو کہ غلط تھا، کیوں کہ ہر کسی کا اپنا کام ہوتا ہے جب کہ فرحان سعید نے بھی اچھے گانے گائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہی بات سمجھانے کی کوشش کی تھی لیکن ان کی بات کا مطلب غلط لے کر ان کی بات کو وائرل کیا گیا اور پوڈکاسٹ کو مشہور کرنے کے لیے یہاں کوئی بھی کچھ بھی کر سکتا ہے۔
ساتھ ہی ایک سوال کے جواب میں گوہر ممتاز نے اعتراف کیا کہ فرحان سعید کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے گانے کو ان کی جانب سے نوٹ کے ساتھ شیئر کرنا ان کی غلطی تھی، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ جس وقت یہ تنازع شروع ہوا تو انہیں سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہو رہا ہے لیکن اب انہیں احساس ہو رہا ہے کہ انہوں نے فرحان سعید کی پوسٹ کو شیئر کرکے غلطی کی تھی، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
گوہر ممتاز کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سے قبل کبھی بھی فرحان سعید سے متعلق کوئی بات نہیں کہی اور یہ ان کے ان کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس فروری میں گوہر ممتاز نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ جب عاطف اسلم ان کے بینڈ جل کو چھوڑ گئے اور ان کی جگہ فرحان سعید نے لی تو وہ کچھ ہی عرصے میں خود کو عاطف اسلم سمجھنے لگے تھے اور ان جیسا بننا چاہتے تھے۔
بعد ازاں فرحان سعید کی جانب سے اپنے انسٹاگرام پر جب مختلف شہروں میں کیے گئے اپنے میوزک کنسرٹس کی ویڈیوز شیئر کی گئیں تو گوہر ممتاز نے ان کے اسکرین شاٹس کو شیئر کرتے ہوئے نوٹ لکھا تھا کہ انہوں نے فرحان سعید کو اپنے میوزیکل بینڈ جل میں اس وقت عاطف اسلم کے متبادل کے طور پر شامل کیا جب انہیں اچھی طرح گلوکاری بھی نہیں آتی تھی۔
لیکن اب پانچ ماہ بعد گوہر ممتاز نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فرحان سعید کے گانوں کے اسکرین شاٹس شیئر کرکے پوسٹ نہیں کرنی چاہیے تھی۔