مقبول فلم عاشقی کے گانے پاکستانی گانوں کی کاپی تھے، بھارتی موسیقار کا اعتراف
معروف بھارتی موسیقار جتن للت نے انکشاف کیا ہے کہ 1990 کی مقبول میوزیکل رومانوی فلم عاشقی کے گانوں کی موسیقی اور دھن پاکستانی گانوں سے چرائی گئی۔
جتن للت نے بولی وڈ ہنگامہ کو دیے گئے انٹرویو میں یہ اعتراف بھی کیا کہ معروف موسیقاروں کی جوڑی ندیم شرون نے عاشقی کے گانے پاکستانی موسیقی سے چرائے اور یہ بات اس وقت کی پوری فلم انڈسٹری کو پتا تھی۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران دلیل دی کہ اگر ندیم شرون کی جوڑی کے تیار کردہ زیادہ تر گانوں کو سنا جائے تو احساس ہوگا کہ ان کے گانوں کی موسیقی بھارتی نہیں لگتی۔
جتن للت کا کہنا تھا کہ اس دور میں ندیم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی جاتے تھے، جہاں سے وہ پاکستانی گانوں کی نئی کیسٹیں خرید کر لاتے تھے اور پھر ان ہی کی کاپی بناتے تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی مقبول میوزیکل رومانوی فلم عاشقی کے تقریباً تمام گانے پاکستانی گانوں کی کاپی ہیں اور یہ بات اس وقت کی پوری انڈسٹری کو پتا تھی۔
جتن للت کا کہنا تھا کہ پہلے تو اس وقت کے کسی بھی موسیقار یا شوبز شخصیت کو علم نہیں ہوا کہ عاشقی فلم کے گانے چوری کے ہیں لیکن ایک ایوارڈز تقریب میں جب مذکورہ فلم کے گانوں کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تو وہاں پہلی بار ایک گلوکارہ نے اصل پاکستانی گانے چلائے۔
انہوں نے بتایا کہ عاشقی کے گانوں کی اصل پاکستانی کاپی کو سن کر سب لوگ حیران رہ گئے تھے۔
جتن للت کا کہنا تھا کہ عاشقی کے تقریباً تمام گانے پاکستانی گانوں کی کاپی تھے اور ندیم اکثر پاکستانی گانوں کی کاپی کیا کرتے تھے۔
خیال رہے کہ ندیم شرون دو موسیقاروں کی جوڑی کا نام ہے جو کہ بھارت میں 1990 میں بہت مقبول ہوئی، اس جوڑی نے عاشقی سمیت متعدد فلموں کے گانوں کی دھنیں تیار کیں۔
جوڑی کے مرکزی موسیقار کا اصل نام ندیم اختر سیفی ہے جب کہ دوسرے موسیقار کا نام شرون کمار راٹھوڑ ہے اور دونوں نے شاندار گانے بنانے پر متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔
معروف جوڑی کے موسیقار شرون کمار راٹھوڑ 2021 میں کورونا کے دوران چل بسے تھے۔
موسیقار جوڑی نے ہی 1990 کی مقبول میوزیکل رومانوی فلم عاشقی کے گانے ترتیب دیے اور اس فلم کے تقریبا تمام گانے بھارت سمیت پاکستان میں بھی کامیاب ہوئے اور بعد ازاں اسی فلم کا سیکوئل بھی بنایا گیا اور اب بھارتی موسیقار نے اعتراف کیا ہے کہ عاشقی کے گانے پاکستانی گانوں کی کاپی تھے۔