حکومت اور پیپلز پارٹی کی مذاکراتی بیٹھک آج وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی
حکومت اور پیپلز پارٹی کی مذاکراتی بیٹھک آج وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے پاور شیئرنگ کے معاملے پر ملاقات آج دوپہر 2 بجے ہو گی، پیپلز پارٹی کی کمیٹی میں چیئر مین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف شامل ہیں، اس کے علاوہ پنجاب سے ندیم افضل چن اور علی گیلانی بھی پیپلز پارٹی کی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف شامل ہیں، اجلاس میں خواجہ سعد رفیق بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکراتی کمیٹی پنجاب کے انتظامی عہدوں کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے جہاں بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم شہباز سے ملاقات میں بجٹ منظور کرانے کی یقین دہانی کرا دی تھی۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں راجا پرویز اشرف، شیری رحمٰن، خورشید شاہ، نوید قمر شیری رحمٰن اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی شامل تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری نے قومی و سیاسی امور پر گفتگو کی جبکہ شہباز شریف نے بجٹ کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مزید مشاورت بھی کی۔
باوثوق ذرائع نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے گلے شکوے کیے اور چارٹر آف ڈیمانڈ بھی تھما دیا۔
بلاول نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کے ساتھ ساتھ وفاق اور پنجاب کے بجٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب میں انتظامی کنٹرول کا مطالبہ کیا اور حکومت کو یاد دہانی کرائی کہ انہوں نے پی ایس ڈی پی اور بجٹ کے حوالے سے وعدے پورے نہیں کیے۔
اتحادی جماعت نے وزیر اعظم کو بجٹ کے حوالے سے بھی اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بجٹ پر پیپلز پارٹی کے خدشات دور کیے جائیں گے اور پنجاب اور سندھ سے متعلق مطالبات بھی تسلیم کیے جائیں گے۔