اپنے دو حمل ضائع ہونے کی جھوٹی خبر سن کر افسوس ہوا، حنا الطاف
اداکارہ و ٹی وی میزبان حنا الطاف کی اپنے حمل ضائع ہونے کی جھوٹی خبر سے متعلق پرانی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے خود سے متعلق افواہیں پھیلانے کی خبروں پر اظہار افسوس کیا۔
اداکارہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو کی ہے، جس میں انہوں نے نہ صرف شوہر آغا علی سے اختلافات پر بات کی بلکہ وہ اپنے حمل سے متعلق جھوٹی خبروں پر بھی بات کرتی دکھائی دیں۔
مذکورہ ویڈیو 2022 کی ہے، جس میں ایک سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ کسی کی ذاتی میں کیا چل رہا ہے، اس متعلق سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی چند تصویروں سے پتا نہیں لگایا جا سکتا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اور ان کے شوہر آغا علی دوسرے جوڑوں کی طرح سوشل میڈیا پر اب ایک ساتھ کم تصاویر شیئر کرتے ہیں، جس پر لوگ چہ مگوئیاں کرتے ہیں تو اس پر انہوں نے کہا کہ چند تصاویر سے کسی کی ذاتی زندگی میں چلنے والے مسائل کا پتا نہیں لگایا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ہفتے میں 10 تصویر شیئر کرتا ہے تو اس سے بھی یہ پتا نہیں لگایا جا سکتا کہ کسی کی زندگی کیسے چل رہی ہے اور ان کا رشتہ کیسے چل رہا ہے؟
انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ شوہر کے ہمراہ ایک مارننگ شو میں گئی تھیں جہاں ان سے بچوں کے حوالے سے سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے جواب دیا تھا کہ جب خدا چاہیں گے ان کے ہاں بچے ہوں گے۔
حنا الطاف کے مطابق مذکورہ شو کے بعد ایک رشتے دار نے انہیں ایک ویڈیو بھیجی، جس میں ان سے متعلق بے بنیاد باتیں کی گئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی مارننگ شو میں شرکت کی چار تصاویر لے کر اس میں وائس آواز شامل کرکے جھوٹے دعوے کیے گئے کہ حنا الطاف نے مارننگ شو میں بتایا کہ ان کے دو حمل ضائع ہوچکے ہیں اور جلد ہی وہ مداحوں کو خوشخبری دینے والی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے حمل ضائع ہونے کی جھوٹی خبر سن کر نہ صرف افسوس ہوا بلکہ انہیں شدید صدمہ بھی پہنچا، کیوں کہ انہوں نے کوئی ایسی بات نہیں کہی تھی اور نہ ہی کچھ ایسا ہوا تھا۔
خیال رہے کہ حنا الطاف اور آغا علی کے درمیان اپریل 2022 سے اختلافات اور طلاقوں کی افواہیں ہیں جب کہ اداکارہ کی حمل سے متعلق انٹرویو کی کلپ دسمبر 2022 کی ہے۔
اختلافات اور طلاقوں کی افواہوں کے بعد تاحال آغا علی اور حنا الطاف نے واضح طور پر ایسی افواہوں پر کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم آغا علی مبہم انداز میں متعدد انٹرویوز میں بتا چکے ہیں کہ اب وہ تنہا زندگی گزار رہے ہیں۔
دونوں کو گزشتہ ڈھائی سال سے ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی دونوں نے کھل کر خود سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر بات کی ہے۔
دونوں اداکاروں نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد مئی 2020 میں شادی کی تھی۔