بیٹے نے کہا ثمر اچھے مرد ہیں، ان سے شادی کرلیں، عتیقہ اوڈھو
سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے نے ہی انہیں تیسری شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا اور انہوں نے بیٹے کے کہنے پر ہی شادی کی۔
اداکارہ حال ہی میں فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب ان کی عمر محض 7 یا 8 سال تھی، تب ان کے والدین کے درمیان بھی طلاق ہوگئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ محض 19 برس کی ہوئیں تو ان کے والد 43 سال کی عمر میں کینسر کے باعث چل بسے اور والدہ نے ان کی بہتر پرورش کی۔
اداکارہ نے صرف والدین بلکہ اپنی شادیوں پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان کی دوسری شادی 16 سال کے طویل عرصے تک چلی لیکن اس باوجود ان کی طلاق ہوگئی۔
اداکارہ کے مطابق دوسرے شوہر جاوید کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات رہے، انہیں ان سے ایک بیٹی بھی ہے جب کہ ان کے درمیان خوش اسلوبی سے طلاق سر انجام پائی۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری طلاق کے کئی سال بعد ان کی ملاقات اور تعلقات ثمر علی خان سے استوار ہوئے، پھر انہوں نے ان سے تیسری شادی کرلی۔
عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ بیٹے نے انہیں ثمر علی خان کے ساتھ دیکھ کر انہیں مشورہ دیا کہ وہ اچھے مرد ہیں، ان سے شادی کرلیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بیٹے کی جانب سے شادی کی بات کہنے پر وہ کچھ حیران بھی ہوئیں اور انہوں نے انہیں بیٹیوں کا عذر پیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹے بلال نے انہیں حوصلہ دیا اور کہا کہ وہ تیسری شادی کرلیں، وہ اپنی بہنوں کو سنبھال لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے کے مشورہ اور کہنے کے بعد ہی انہوں نے خود ثمر علی خان کو شادی کی پیش کش کی اور یوں انہوں نے زائد العمری میں تیسری بار شادی کی۔
اس سے قبل بھی عتیقہ اوڈھو ایک انٹرویو میں بتا چکی ہیں کہ بیٹے کے کہنے پر ہی انہوں نے زائد العمری میں 2012 میں ثمر علی خان سے شادی کی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ تیسری شادی کے نکاح کے وقت نواسی ان کی گود میں تھی جب کہ بیٹے، داماد اور شوہر کے بیٹے نے بطور گواہ نکاح نامے پر دستخط کیے تھے۔
ثمر علی خان سے قبل عتیقہ اوڈھو نے دو شادیاں کی تھیں جو کہ طلاق پر ختم ہوئیں۔
انہوں نے 1980 میں پہلی شادی کی ناکامی اور اولاد ہونے کے بعد ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ بطور میک اپ آرٹسٹ اور اسٹائلسٹ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر کام کرتی رہی تھیں۔
ماضی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی شادیوں سے متعلق بھی بات کی تھی اور بتایا تھا کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد انہوں نے اپنی ہی مرضی سے دوسری شادی کی مگر اتفاق سے وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی اور ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔
عتیقہ اوڈھو نے بتایا تھا کہ انہوں نے تمام شادیاں پسند اور پیار سے کیں۔