• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:29pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:35pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:29pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:35pm

اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش

شائع July 12, 2024
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی
اہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے شہر کی اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں—فوٹو:سوشل میڈیا
اہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے شہر کی اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں—فوٹو:سوشل میڈیا

ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوا کے ساتھ کہیں موسلادھار اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، حسن ابدال اور ٹیکسلا میں تیز بارش اور ہلکی ژالہ باری سے موسم میں خنکی آگئی جب کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بارش کا پانی سڑکوں میں جمع ہونے کے بعد گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

اسلام آبادکے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیا، راولپنڈی، ٹیکسلا، حسن ابدال اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ہلکی ژالہ باری سے موسم خنک ہوگیا۔

طغیانی کے پیش نظر نالہ لئی اور نشیبی علاقوں واسا کا عملہ ہنگامی صورتحال کے لیے تعینات ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے تیز بارش سے شہر کی اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، تاجپورہ اور دیگر علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

لاہور میں بارش کی وجہ سے متعدد شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، ٹریفک بحال رکھنے کےلیے وارڈنز مصروف عمل ہیں۔

باغوں کے شہر میں لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، مختلف علاقوں میں تیز ہوا ں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش 235 ملی میٹر تاجپورہ میں ریکارڈ کی گئی ہے، پانی والا تالاب 71، فرخ آباد 69، گلشن راوی 133، سمن آباد 120، قرطبہ چوک 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شملہ پہاڑی،لکشمی چوک، گوالمنڈی، مال روڈ، اسلامپورہ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل جم کر برسے۔

محکمہ موسمیات کے بعد شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے حکم پر انڈرپاسسز اور نشیبی چوکوں پر ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات ہے۔

سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی کہ سرکل افسران نکاسی آب کے لیے واسا انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں، تمام سرکل افسران واسا انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں، بارش کے باوجود کہیں ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونے دی جارہی، وارڈنز بارش میں فوری کال پر شہریوں کی مدد کررہے ہیں۔

ادھر لاہور میں شدید بارش کے باعث وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انتظامیہ اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور سمیت تمام شہروں میں نکاسی آب کےلئےفوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عملہ اور افسر پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں، مرکزی سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے بلا تعطل کام کیا جائے۔

مختلف شہروں میں مسلسل بارش سے پیدا شدہ صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے، بارش کے بعد سڑکوں بازاروں اور گلیوں میں پانی نظر نہ آنا چاہیے، ٹریفک پولیس روڈز کو کلیر کرائے، ٹریفک جام نہیں ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں قصور، رینالہ خورد، پاکپتن ، قصور اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، شیخوپورہ، بہاولنگر، گوجرانوالہ اور نارووال سمیت دیگر شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

گوجرانوالہ اور گردونواح میں برسات اور تیز ہواؤں کے باعث 10سے زائد فلٹر ٹرپ کر گئے، گوجرانوالہ شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

گجرات میں دیواریں اور چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے

جہلم شہر اور جی ٹی روڈ پر طوفانی بارش کے ساتھ آندھی چلی، طوفان کے باعث درخت، بجلی کی تاریں اور سائن بورڈز گر گئے، جادہ جی ٹی روڈ اوور ہیڈ برج پر بل بورڈز ٹوٹنے سے ایک رو بند ہوگئی۔

ضلع گجرات میں موسلادھار بارش اور آندھی سے مختلف مقامات پر درخت اکھڑ اور بجلی کے پول گر گئے، دیواریں اور چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے، بجلی کے پول اور تاریں گرنے سے بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی جب کہ گلیانہ سے باہروال روڈ پر درخت اور بجلی کا پول گرنے سے سڑک بند ہوگئی۔

ادھر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل جم کر برسے، مالم جبہ اور بنوں میں بارش کے بعد موسم ہلکا سرد ہوگیا، نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے کوہستان، مانسہرہ اور دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع ژوب اور گلگت گلگت کے بلند مقام استور میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقوں نیوکراچی، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، کریم آباد، لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا میں بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے 20 جولائی سے شہر قائد میں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے، سندھ کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب ہے تاہم شام یا رات میں تھر پارکر،مٹھی، عمر کوٹ،بدین، میر پور خاص، ٹھٹہ اورکراچی میں چند مقاما ت پر بونداباندی کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 10 ستمبر 2024
کارٹون : 9 ستمبر 2024