بھارت: سوشل میڈیا انفلوئنسر ویڈیو بناتے ہوئے 300 فٹ گہری کھائی میں گرنے سے ہلاک
بھارت میں 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر انوی کامدار ایک آبشار کے قریب ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران 300 فٹ گہری کھائی میں جاگری، 6 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد کھائی سے نکلنے والی انفلوئنسر جانبر نہ ہوسکیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں رہائش پذیر 27 سالہ انوی کامدار سوشل میڈیا پر کافی متحرک تھیں، انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔
انوی کامدار پیشے کے اعتبار سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے اور وہ ڈیلوئٹ نامی کمپنی میں خدمات انجام دے چکی ہیں، تاہم انہیں سیاحت کا بہت شوق تھا اور ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ٹریول وی لاگز کے علاوہ مختلف کیفے اور کھانوں کی ویڈیوز موجود ہیں۔
ممبئی کی سوشل میڈیا انفلوئنسر نے 16 جولائی کو اپنے 7 دوستوں کے ہمراہ مون سون کی بارشوں کے دوران گھومنے کا پلان بنایا، اور اس کے لیے وہ لوگ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کے منگاؤں میں مشہور کمبھے آبشار پہنچے۔
انوی کامدار ویڈیو بنانے کی غرض سے آبشار کے قریب گئیں، اور تقریباً صبح ساڑھے 10 بجے ویڈیو بنانے کے دوران ان کا پاؤں پھسل گیا، جس سے وہ 300 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔
منگاؤں پولیس کے مطابق ہمیں انوی کے دوستوں نے واقعہ سے متعلق اطلاع دی جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں وہاں پہنچیں اور 6 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد انہیں کھائی سے نکالا گیا۔
پولیس نے انکشاف کیا کہ انوی کامدار اس وقت تک زندہ تھیں، تاہم اونچائی سے گرنے کی وجہ سے وہ شدید زخمی تھیں، انہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر سرکاری ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
انسٹاگرام پر ان کی آخری ریل 15 جولائی کو اپ لوڈ کی گئی تھی جس میں انہوں نے اپنے اگلے ٹور کے بارے میں مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔