جوبائیڈن پردوبارہ صدارتی انتخاب میں حصہ نہ لینے کیلئے دباؤ میں اضافہ
امریکی صدر جوبائیڈن پر دوبارہ صدارتی انتخاب نہ لڑنے کے لیے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق 2 سینیٹرز سمیت مزید 12 ڈیموکریٹس نے جوبائیڈن سے الیکشن نہ لڑنے کا مطالبہ کر دیا، جس کے بعد امریکی صدر مخالف ڈیموکریٹ ارکان کانگریس کی تعداد 28 ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ امریکا کے صدر جو بائیڈن نے دوبارہ صدارتی امیدوار نہ بننے پر غور شروع کردیا ہے، جب کہ کملا ہیریس کو صدارتی امیدوار کی حیثیت سے نامزد کرنے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے امریکی ایوان نمائندگان کی سابق خاتون اسپیکر نینسی پلوسی نے دعویٰ کیا تھا کہ جوبائیڈن کو صدارتی دوڑ چھوڑنے پر جلد آمادہ کرلیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان کی جانب امریکی صدر جوبائیڈن کے کورونا میں مبتلا ہونے کے اعلان کے بعد اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب کی دوڑ سے پیچھے ہٹ جائیں۔
متعدد امریکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ جوبائیڈن اپنی پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی مخالفت کے بعد صدارتی انتخاب سے پیچھے ہٹنے پر غور کررہے ہیں۔