کراچی میں آج بھی بارش کی پیش گوئی
کراچی میں آج بھی کہیں ہلکی،کہیں تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی، معتدل اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہوا کےکم دباؤ کے باعث شدید گرمی ہے، شہر قائد میں سمندری ہوائیں کل سے بحال ہوجائیں گی۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سمندری ہوائیں بحال ہونے سے گرمی کی شدت کم ہو جائےگی، مزید کہا کہ جولائی کےآخر یا اگست کے شروع میں تیز بارش کے اسپیل کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں سب سے زیادہ بارش پاپوش نگر میں 37.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ کیماڑی میں 25 ملی میٹر، ماڑی پور میں 23 ملی میٹر، کورنگی میں 22 ملی میٹر، قائدآباد میں 12 ملی میٹر، اورنگی ٹاون میں 4.5 اور ڈی ایچ اے فیز 2 میں 3.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔