• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:41am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:45am Sunrise 6:08am

نیتن یاہو کی ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملہ ہیرس سے ملاقاتیں، غزہ کی صورتحال پر گفتگو

شائع July 27, 2024
فوٹو: اے اپی
فوٹو: اے اپی

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکی صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس سے ملاقاتیں کیں جس میں غزہ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے سابق امریکی صدر اور امریکی صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بات چیت کے لیے ایک وفد کو روم بھیجیں گے۔

اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا ’یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق ہم معاہدہ کرنے کے کتنے قریب ہیں، تاہم حماس پر فوجی دباؤ بڑھنے کی وجہ سے پیش رفت ہوئی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جس میں سابق امریکی صدر نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ کا اپنے فلوریڈا ریزورٹ میں استقبال کرررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کھڑے نیتن یاہو کے ہاتھ میں ایک کیپ ہے جس پر ’ٹوٹل وکٹری‘ لکھا ہوا ہے، یعنی وہ حماس پر مکمل فتح حاصل کرنے کی نیتن یاہو کے بیان کردہ اہداف کی طرف اشارہ کررہے ہیں، حالانکہ اسرائیل کے سرکاری حلقوں کی جانب سے مختصر مدت میں عملی طور پر اس پر شک کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی صدر اور نائب صدر سے ملاقات

اس سے قبل، اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر جوبائیڈن، ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار اور نائب صدر کاملا ہیرس سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جس میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکا کی تجویز پر بات چیت ہوئی۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 39 ہزار 175 فلسطینی شہید اور 90 ہزار 403 زخمی ہوچکے ہیں۔

اے ایف پی رپورٹ کے مطابق کاملا ہیرس نے امریکی غزہ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کا عندیہ دیا ہے، امریکی صدارتی امیدوار نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو امن معاہدہ کرنے پر زور دیا ہے۔

کاملہ ہیرس نے نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران غزہ میں جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ’غزہ میں تباہ کن انسانی صورتحال پر تشویش ہے، ہم ان ہلاکتوں سے منہ نہیں موڑ سکتے اور میں اس حوالے سے خاموش نہیں بیٹھ سکتی‘۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی اسرائیلی وزیراعظم سے بات چیت میں غزہ میں 9 ماہ سے جاری جنگ ختم کرنے پر زور دیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جوبائیڈن نے خلا ختم کرنے، جلد از جلد معاہدے کو حتمی شکل دینے، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ تنازع کے پائیدار خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔

قبل ازیں، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے امریکی کانگریس سے تاریخی خطاب کیا، وہ امریکا کے 2 ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے 4 بار خطاب کرنے والے پہلے غیر ملکی رہنما بن کر برطانیہ کے ونسٹن چرچل سے آگے نکل گئے ہیں۔

اس دوران متعدد ڈیموکریٹک قانون سازوں نے نیتن یاہو کے خطاب کا بائیکاٹ کیا، جب کہ سابق امریکی اسپیکر نے امریکی کانگریس سے اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کو امریکی کانگریس کی تاریخ کا بدترین خطاب قرار دیدیا۔

کارٹون

کارٹون : 8 اکتوبر 2024
کارٹون : 7 اکتوبر 2024