• KHI: Maghrib 6:07pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:33pm Isha 6:53pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 6:59pm
  • KHI: Maghrib 6:07pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:33pm Isha 6:53pm
  • ISB: Maghrib 5:36pm Isha 6:59pm

صنفی تنازع: باکسنگ تنظیم کا اطالوی باکسر کو انعامی رقم دینے کا اعلان

شائع August 3, 2024
الجزائر کی ایمان خلیف کا اگلا مقابلہ ہنگری کی لوکا انا ہموری سے ہوگا — فوٹو: رائٹرز
الجزائر کی ایمان خلیف کا اگلا مقابلہ ہنگری کی لوکا انا ہموری سے ہوگا — فوٹو: رائٹرز

عالمی باکسنگ ایسوسی ایشن (آئی بی اے) نے جمعرات کے روز پیرس اولمپکس میں باکسنگ کے راونڈ آف 16 کے مقابلے میں 46 سیکنڈز میں الجزائر کی ایمان خلیف کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی اٹلی کی خاتون باکسر اینجلا کیرینی کے لیے 50 ہزار ڈالر انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

یاد رہے اولمپکس میں میچ کے دوران صنفی تنازع کی مرکزی کردار الجزائر کی خاتون باکسر نے اٹلی کی اینجلا کیرینی پر مکوں کی برسات کرکے انہیں پہلے راؤنڈ میں ہی باہر کردیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق آئی بی اے، جسے گزشتہ سال عالمی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے شناخت سے محروم کردیا تھا، نے کہا کہ اینجلا کیرینی کو 50 ہزار ڈالر، ان کی فیڈریشن کو 25 ہزار ڈالر اور ان کے کوچ کو 25 ہزار ڈالر انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔

آئی بی اے کے صدر عمر کریملیو کا کہنا تھا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتی انہوں نے خواتین کی باکسنگ کو کیوں ختم کیا، صرف اہل کھلاڑیوں کو حفاظت کی خاطر رنگ میں مقابلہ کرنا چاہیے، میں اینجلا کے آنسو نہیں دیکھ سکتا۔

الجزائر کی ایمان خلیف اور تائیوان کی دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن لن یو تنگ کو 2023 میں آئی بی اے کی اہلیت کے قواعد میں ناکامی کے باوجود پیرس اولمپکس میں شرکت کی اجازت دی گئی۔ آئی بی اے کے قوانین کے مطابق ایک وائی کروموسومز والے خصوصیات کی حامل کھلاڑی خواتین کے مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکتے۔

آئی او سی نے گزشتہ سال گورننس کے مسائل کی وجہ سے باکسنگ کی گورننگ باڈی ’آئی بی اے‘ سے اس کی باکسنگ حیثیت چھین لی تھی اور پیرس 2024 باکسنگ مقابلوں کی ذمہ داری خود سنبھال لی تھی، لیکن یہ تنظیم جوڑے کی شرکت کی وجہ سے تنازع کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

الجزائر کی ایمان خلیف کا اگلا مقابلہ ہنگری کی لوکا انا ہموری سے ہوگا۔

جمعے کے روز شائع ہونے والے اطالوی روزنامے ’گیزیٹو ڈیلو اسپورٹ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے اینجلا کیرینی کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد بالکل بھی کسی قسم کے تنازع کو جنم دینا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’اس سارے تنازع نے مجھے اداس کردیا ہے اور میں اپنی مخالف کے لیے برا محسوس کررہی ہوں، ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں اور وہ بھی میری طرح یہاں صرف مقابلہ لڑنے آئی تھی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب جان بوجھ کر نہیں ہوا، بلکہ میں ان سے اور تمام لوگوں سے معافی مانگتی ہوں، میں غصے میں تھی کیونکہ میرے اگلے مقابلے ختم ہوگئے تھے، میں ایمان خلیف کے خلاف نہیں ہوں اور اس کے برعکس، میں اگر ان سے دوبارہ ملی تو میں ان کو گلے لگاؤں گی۔‘

کارٹون

کارٹون : 13 اکتوبر 2024
کارٹون : 12 اکتوبر 2024