9 مئی مقدمات: پی ٹی آئی رہنما ضمانت خارج ہونے پر احاطۂ عدالت سے فرار
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بڑی پیش رفت ہوئی جہاں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرحت عباس ضمانت خارج ہونے پر احاطۂ عدالت سے فرار ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق عدالت نے ممبر قومی اسمبلی حافظ فرحت عباس اور شیخ امتیاز کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی۔
بعد ازاں فرار ہونے کے بعد حافظ فرحت عباس اپنی گاڑی میں بیٹھ کر عدالت سے چلے گئے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔