190 ملین پاؤنڈز کیس: بشریٰ بی بی نے بریت کی درخواست دائر کر دی
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق خاتون اول کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کر دی گئی جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 14 گواہان کو غیر ضروری قرار دے کر ترک کر دیا۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ریفرنس کی سماعت کی، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔
ملزمان کی جانب سے وکلا ظہیر عباس چوہدری اور عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب کی جانب سے پروسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جزوی جرح کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
نیب نے بقیہ 14 گواہان کو غیر ضروری قرار دے کر ترک کر دیا جس کے باعث وکلا صفائی کی جانب سے بقیہ گواہان کو طلبی کے سمن جاری کرنے کی درخواست غیر موثر ہو گئی۔
عدالت نے ریفرنس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی، وکلا صفائی کل بھی تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر اپنی جرح جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔
یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔
عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔