اسلحہ برآمدگی کیس: پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی اسلحہ بر آمدگی کیس میں درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس پر سماعت کی۔
احمد وقاص جنجوعہ کی اہلیہ اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں، احمد وقاص کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ احمد وقاص کو گھر سے اٹھایا گیا اور کلاشنکوف برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں لاپتا ہونے سے متعلق کیس کیا تو مقدمے کے حوالے سے معلوم ہوا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ احمد وقاص کا تعلق کیا میڈیا سے ہے؟جس پر وکیل نے آگاہ کیا کہ احمد وقاص کا تعلق میڈیا سے نہیں ہیں بلکہ وہ پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل کورآرڈینیٹر ہیں۔
عدالت کے استفسار پر سرکاری وکیل نے آگاہ کیا کہ احمد وقاص سے 3 سو گرام بارود اور کلاشنکوف برآمد کرنا ہے۔
سرکاری وکیل نے استدعا کی احمد وقاص کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی۔
یاد رہے کہ 6 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بارودی مواد برآمدگی کیس میں احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر فریقین سےجواب طلب کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ 24 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کے ریمانڈ کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے تھے۔
ان کی وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ احمد جنجوعہ لاپتا تھے، پھر پتا چلا ان کو گرفتار کرکے عدالت پیش کر دیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت نے احمد جنجوعہ کے وکیل کو آگاہ کیے بغیر ان کا 7 روز کا ریمانڈ دے دیا۔
عدالت کے استفسار پر ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے بتایا کہ یہ پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر ہیں ، احمد جنجوعہ کو 20 جولائی کو اٹھایا گیا، تب ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں تھا جبکہ 22 جولائی کے آرڈر میں کہا گیا ان سے کلاشنکوف برآمد ہو گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے یو ایس بی بھی جمع کرائی ہے، عدالت دیکھ سکتی ہے۔
22 جولائی کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔