آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان اب تعلق نہیں رہا، مدیحہ نقوی کا انکشاف
ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکار آغا علی اور حنا الطاف اب ایک دوسرے سے تعلقات میں نہیں رہے۔
حنا الطاف اور آغا علی نے مئی 2020 میں شادی کی تھی اور شادی کے بعد بھی دونوں متعدد منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیے۔
شادی کے دو سال بعد 2022 میں ان کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں بھی پھیلیں، تاہم اس وقت آغا علی نے اہلیہ سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
آغا علی کی جانب سے اہلیہ سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کیے جانے کے بعد بھی ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں رہیں اور آج تک دونوں کے حوالے سے طلاق کی چہ مگوئیاں ہوتی رہتی ہیں، تاہم دونوں نے کبھی اس پر کھل کر بات نہیں کی۔
آغا علی گزشتہ دو سال سے متعدد انٹرویوز میں مبہم انداز میں بتا چکے ہیں کہ اب وہ گھر میں تنہا رہتے ہیں اور وہ اپنے تمام کام خود کرتے ہیں لیکن کبھی انہوں نے اپنی شادی ختم ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
دوسری جانب حنا الطاف بھی طلاق اور علیحدگی کی خبروں کے باوجود آج تک کوئی بیان جاری نہیں کیا اور دونوں کو گزشتہ ڈھائی سال سے کسی بھی جگہ ایک ساتھ بھی نہیں دیکھا گیا۔
اب ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں تعلقات میں نہیں، تاہم انہوں نے بھی کھل کر واضح نہیں کیا کہ ان کی طلاق ہو چکی ہے یا نہیں؟
حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شگفتہ اعجاز اور ونیزہ احمد شریک ہوئیں، جس کے ایک سیگمنٹ کے دوران آغا علی سے متعلق سوال سامنے آیا، جس دوران ٹی وی میزبان نے ان کے اہلیہ سے تعلق ختم ہوجانے کی تصدیق کی۔
سیگمنٹ کے دوران شگفتہ اعجاز نے آغا علی کی چُھپی ہوئی تصویر دکھانی تو مدیحہ نقوی نے انہیں ان سے متعلق کچھ ہنٹس دیے، جس دوران انہوں نے ان کے تعلق ختم ہونے کی بات کی۔
مدیحہ نقوی نے بتایا کہ آغا علی اور حنا الطاف کی چند سال قبل شادی ہوئی تھی لیکن بدقسمتی سے اب وہ تعلقات میں نہیں رہے۔
مدیحہ نقوی کی جانب سے آغا علی اور حنا الطاف کے تعلقات میں نہ رہنے کی بات پر ماڈل و اداکارہ ونیزہ احمد بھی حیران رہ گئیں اور کہا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا۔
اسی دوران شگفتہ اعجاز نے سوال کیا کہ کیا تعلقات ختم ہونے کے بعد انہوں نے دوسری شادی کی ہے؟ جس پر مدیحہ نقوی نے نفی میں جواب دیا۔
مدیحہ نقوی کی جانب سے آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان تعلقات ختم ہونے کی بات کو سوشل میڈیا صارفین نے ان کے درمیان طلاق ہوجانے کے دعوے کیے۔