وفاقی کابینہ کا اجلاس، نجکاری کمیشن بورڈ کے اراکین کی تعداد بڑھا کر 11 کرنے کی منظوری
وفاقی کابینہ نے نجکاری کمیشن بورڈ کے اراکین کی تعداد 8 سے بڑھا کر 11 کرنے اور اضافہ شدہ نشستوں پر صرف خواتین تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔
وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر نجکاری کمیشن بورڈ کے اراکین کی تعداد کو 8 سے بڑھا کر 11 کرنے کی منظوری دے دی، وزیر اعظم نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ملک کے اہم بورڈز میں خواتین کی نمائندگی کی ہدایت دی تھی، وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت بورڈ کے تین نئے ارکان کی نشستوں پر صرف خواتین کو تعینات کیا جائے گا۔
یوریا کے کارخانوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 2 اگست 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلے پر ہدایت کی کہ یوریا کی درآمد کے بجائے ستمبر 2024 کے بعد بھی پاکستان میں یوریا کھاد بنانے والے کارخانوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
کابینہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ یوریا کھاد کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لیے ہر قسم کے اقدامات یقینی بنائے جائیں، زراعت ملک کی ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت رکھتی ہے، کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کو کم کرنے کے لیے زرعی ان پٹس کے نرخوں میں کمی یقینی بنائی جائے۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 2 اگست 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔ تاہم وزیرِ اعظم نے مزید ہدایت کی کہ جن ایس او ایز کی نجکاری کے لیے منظوری ہو چکی، ان کی نجکاری کا جامع پلان آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی سفارش پر فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، اسلام آباد کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
ایکواڈور سے دوطرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے پر دستخط کی منظوری
کابینہ نے وزارتِ خارجہ کی سفارش پر پاکستان اور جمہوریہ گوئٹے مالا کی وزارتِ خارجہ کے مابین سیاسی مشاورت کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں وزارتِ خارجہ کی سفارش پر پاکستان اور ایکواڈور کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے معاہدے پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارےکے 5 اگست 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 31 جولائی 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔