وزیر اعظم کا ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان
وزیر اعظم شہباز شریف نے پیرس اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے 15 کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ارشد ندیم ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں جنہوں نے پاکستان کو 40سال بعد اپنی شبانہ روز محنت اور والدین کی دعاؤں کے نتیجے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا جس کے لیے پوری قوم آپ کی شکر گزار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے یوم آزادی کے اس موقع پر ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے اور آپ صرف 40سال بعد میڈل نہیں لے کر آئے بلکہ آپ نے جیولین کے مقابلے میں اولمپک کا ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے، آج ہر پاکستانی کا دل باغ باغ ہے، پوری قوم کا مورال آسمانوں کو چھو رہا ہے اور آپ کی اس عظیم کامیابی نے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں کردی ہے کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ مسائل کا ہمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں جو آپ نے مثال قائم کی ہے اس سے پوری قوم کو حوصلہ ملا ہے، ہمالیہ نما چیلنجز کو آپ ہی کے راستے پر چلتے ہوئے شبانہ روز محنت کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کے ساتھ ان مسائل اور چیلنجز کو ہم ضرور عبور کریں گے اور پاکستان کو عظیم طاقت بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ آنے والے وقت میں آپ کے یہ کامیابی کے ریکارڈ اور بڑھیں گے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے منتظمین کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو ایک طرف کریں اور یکسوئی کے ساتھ کھیل کے میدان میں ہاکی، کرکٹ اور اسکوائش بحال کریں۔
انہوں نے تقریب میں موجود سابق ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین، شہباز سینئر اور دیگر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آگے بڑھیں اور اپنی تجاویز دیں تاکہ ہم کھیلوں کے میدانوں میں وہ دور واپس لائیں جب پاکستان کا طوطی بوتا تھا، ہمیں اس کے لیے کمر کسنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اور میری حکومت صوبوں ک ےساتھ مل کر بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے، آپ ہمیں راستہ بتائیں، سفارشات پیش کریں اور میں ایک کمیٹی بھی قائم کرنے کا اعلان کرتا ہوں جو اس بات کا تعین کرے گی کہ کھیلوں کے حوالے سے حکومت وقت کیا کردار ادا کر سکتی ہے۔
شہباز شریف نے جیتنے پر ارشد ندیم کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والی خاتون شوٹر کشمالہ طلعت کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے تو میں حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے ان کے لیے 15 کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کرتا ہے اور اس رقم پر ٹیکس کی کٹوتی نہیں ہو گی۔
وزیر اعظم نے ٹیکس حکام کو ازراہ مذاق ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس لینے والے یہاں پیچھے بیٹھے ہیں، ان کو پتا ہے میں کس کی بات کررہا ہوں، یہ ٹیکس لینے والوں سے لیتے نہیں اور دینے والوں سے اور لیتے ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد کے علاقے ایف نائن اور ایف 10 کے درمیان کی سڑک کا نام ہمیشہ کے لیے ’ارشد ندیم روڈ‘ رکھنے کا اعلان کیا جبکہ جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی بنائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس دن ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا، اسی وقت میں نے اپنے سیکریٹری کو گزارش کی کہ وہ فی الفور صدر پاکستان کو خط لکھا جائے کہ 14 اگست کو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم 77واں یوم آزادی منانے جا رہے ہیں اور ارشد ندیم کی آج پوری قوم عزت و توقیر کررہی ہے تو میں آج ایک ارب روپے کے پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کررہا ہوں، یہ فنڈ کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے، بہترین تربیت کے مواقع فراہم کرنے اور ریٹائر ہونے والے کھلاڑیوں کی جائز ضروریات پوری کرنے کے بھی کام آئے گا۔
وزیر اعظم نے ارشد ندیم کے کوچ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔