بارش کے سبب حیدرآباد، بدین اور جامشورو میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
سندھ میں بارشوں کے پیش نظر حیدر آباد، بدین اور جامشورو سمیت سندھ کے متعدد اضلاع اور شہروں میں کل تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے صوبے میں جاری موسلادھار بارشوں کے پیش نظر کل ضلع کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر کل ضلع میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
29 اور 30 اگست کو ضلع بدین میں بھی بارشوں کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ضلع جامشورو اور ساگھڑ میں بھی بارشوں کے پیش نظر 29 سے 31 اگست تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
کراچی کے ضلع وسطی میں بھی 29 اگست کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعد میں یہ اعلان واپس لے لیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ نے برسات کے پیش نظر چھٹی کا اختیار ڈپٹی کمشنر کو دیا تھا۔
واضح رہے کہ حیدرآباد سمیت صوبے بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سب سے زیادہ بارش اندرونی سندھ ٹحٹہ، بدین، سجاول اور ملحقہ علاقوں میں ہوئی بالخصوص ٹھٹہ میں آج صرف تین گھنٹے کے دوران 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔