مہوش حیات کا 8 سال بعد ڈراموں میں واپسی کا امکان
ماضی میں شاندار ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی مہوش حیات کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اداکارہ ممکنہ طور پر 8 سال بعد ڈراموں میں دکھائی دیں گی۔
اگرچہ مہوش حیات نے سات ماہ قبل ”اجازت“ نامی ٹیلی فلم کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر واپسی کی تھی، تاہم انہوں نے آخری ڈراما 8 سال قبل کیا تھا۔
ٹیلی فلم ”اجازت“ میں مہوش حیات کے ہمراہ حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور ٹیلی فلم کے ذریعے بھی اداکارہ نے 7 سال بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کی تھی۔
اب خبریں ہیں کہ مہوش حیات ممکنہ طور پر جیو ٹی وی کے ایک ڈرامے کے لیے احسن خان کے ہمراہ ڈراموں میں واپسی کریں گی۔
شوبز سوشل میڈیا پیجز کے مطابق مہوش حیات اور احسن خان کو سیونتھ اسکائے انٹرٹینمنٹ کے تحت بننے والے جیو ٹی وی کے ڈرامے کے لیے کاسٹ کرلیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ مذکورہ ڈرامے کے ذریعے 8 سال بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی کریں گی، تاہم ان کے نئے ڈرامے سے متعلق مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
مہوش حیات کا آخری ڈراما 2016 میں نشر ہوا تھا، جس کے بعد انہیں صرف فلموں میں دیکھا گیا اور ان کی متعدد فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔
مہوش حیات نے گزشتہ برس ہی ڈراموں میں واپسی کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ جلد ہی چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا ڈراما کس موضوع پر ہے اور ان کے ساتھ اور کون دکھائی دے گا، اب خبر سامنے آئی ہے کہ ان کے ہمراہ احسن خان دکھائی دیں گے۔