• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am

کراچی: شاہ فیصل کالونی میں غیر قانونی پیٹرول پمپ میں آگ لگ گئی، ایک شخص جاں بحق

شائع September 11, 2024 اپ ڈیٹ September 12, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی تین نمبر کے قریب غیرقانونی پیٹرول پمپ میں لگنے والی آگ نے تین منزلہ رہائشی عمارت کو لپیٹ میں لے لیا اور واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل نمبر 3 کے قریب دکان میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کے اوپر رہائشی منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے سے 10 سے زائد موٹر سائیکلیں جل گئیں جبکہ متعدد دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

آگ نے بالائی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت میں لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے رہائشی عمارتوں میں میں رہائش پذیر لوگ چھت پر پہنچ گئے۔

فائر بریگیڈ کی 5گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اورانتہائی کوششوں کے بعد وہ آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئے۔

آگ لگنے کے بعد شاہ فیصل کالونی کے ساتھ ساتھ لانڈھی ہائیڈرنٹ میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین نے بتایا کہ آتشزدگی کے مقام پر ٹینکرز روانہ کر دیے گئے ہیں اور انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ حکام سے رابطے میں ہیں۔

سندھ ریسکیو 1122 کے اہلکار حسن خان نے ڈان کو بتایا کہ عمارت سے ایک 55سالہ شخص لاش نکالی گئی ہے جو عمارت کی سیڑھیوں سے برآمد ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت 15 کے قریب رہائشی عمارت کی چھت پر چڑھ گئے ہیں اور سبھی کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ فائنل سرچ آپریشن کولنگ ورک کے بعد شروع کیا جائے گا جس میں عمارت کے ہر کمرے کی تلاشی لی جائے گی۔

حسان خان نے کہا کہ آگ گراؤنڈ فلور پر موجود ’غیر قانونی پیٹرول کی دکان‘ میں لگی جہاں سے موٹر سائیکلوں کو پیٹرول فروخت کیا جا رہا تھا، آگ لگنے کے بعد اچانک پھیل گئی اور اس نے پوری تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ تیل کی تھی جس کی وجہ سے پانی سے بجھانے مشکلات پیش آ رہی تھیں لہٰذا ریسکیو 1122 کی تربیت یافتہ ٹیم نے آگ بجھانے کے لیے فوم کا استعمال کیا۔

ریسکیو اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا رہی ہے تاہم عینی شاہدین کے مطابق پیٹرول بھرانے کے لیے موجود موٹر سائیکل کے انجن میں آگ لگنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔

دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی توحید رحمٰن میمن جنہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ آگ اس وقت لگی جب کسی نے پیٹرول کی دکان پر سگریٹ پھینکا۔

توحید رحمٰن میمن نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں پولیس نے تقریباً دو ماہ قبل غیر قانونی طور پر پیٹرول فروخت کرنے والی دکان کے خلاف کارروائی کی تھی تاہم پیٹرول بیچنے والے دکاندار نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024