• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

حسن نصر اللہ کی شہادت: ایرانی سپریم لیڈر کی اسرائیل کے ’مجرمانہ‘ اقدام پر تنقید

شائع September 28, 2024
ایرانی رہنما نے حسن نصر اللہ کا ذکر نہیں کیا — فائل فوٹو
ایرانی رہنما نے حسن نصر اللہ کا ذکر نہیں کیا — فائل فوٹو

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعہ کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی خبروں کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں سے متحد ہونے اور ’لبنان کے عوام اور حزب اللہ کے ساتھ کھڑے ہونے‘ کی اپیل کی ہے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق حسن نصراللہ کی شہادت کے اسرائیل کے دعوے کے بعد ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کی پالیسی کو ’تنگ نظری‘ اور لبنان پر مہلک حملوں کو ’مجرمانہ‘ قرار دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان میں انہوں نے کہا کہ ’صہیونی مجرمان کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ وہ لبنان کی حزب اللہ کے ٹھوس ڈھانچے کو کوئی بڑا نقصان پہنچانے کے قابل نہیں ہیں۔‘

خامنہ ای نے کہا کہ ’لبنان میں نہتے لوگوں کے قتل عام نے ایک بار پھر غاصب حکومت کے رہنماؤں کی تنگ نظری اور احمقانہ پالیسی کو ثابت کر دیا۔‘

ایرانی رہنما نے حسن نصر اللہ کا ذکر نہیں کیا لیکن بعد میں حزب اللہ کے ایک بیان نے حسن نصر اللہ کی موت کی تصدیق کی۔

ایرانی سپریم لیڈر نے بدلہ لینے کا مطالبہ کرنے سے گریز کیا اور اس کے بجائے اعلان کیا کہ اسرائیل ’اپنے اقدامات پر پچھتائے گا۔‘

انہوں نے ایران کے اگلے اقدامات کا بتائے بغیر مزید کہا کہ ’اس خطے کی تقدیر کا تعین مزاحمتی قوتیں کریں گی، جن میں حزب اللہ سب سے آگے ہے۔‘

رپورٹس کے مطابق خامنہ ای نے ہفتے کے روز ایک ہنگامی سیکیورٹی اجلاس طلب کیا ہے جس میں لبنان کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حزب اللہ ایران کا قریبی اتحادی ہے، اور حسن نصر اللہ کی موت خطے میں ایرانی اثر و رسوخ کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024