• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:24am
  • LHR: Fajr 4:35am Sunrise 5:56am
  • ISB: Fajr 4:39am Sunrise 6:02am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:24am
  • LHR: Fajr 4:35am Sunrise 5:56am
  • ISB: Fajr 4:39am Sunrise 6:02am

حسن نصراللہ کی شہادت پر کراچی میں ریلی، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ، متعدد افراد زخمی

شائع September 29, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

ایران کی حمایت یافتہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے حوالے سے کراچی میں نکالی گئی احتجاجی ریلی کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق حسن نصراللہ کی شہادت پر کراچی میں ریلی کا اہتمام مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) کی جانب سے کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق احتجاجی ریلی نمائش چورنگی سے نکالی گئی، ریلی امریکی قونصلیٹ کے قریب پہنچی تو پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکا جس پر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کردیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی، اس دوران پتھراؤ اور شیلنگ سے صحافی سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ ایک موٹر سائیکل بھی نظر آتش کردی گئی۔

اس دوران مظاہرین ایم ٹی خان روڈ پہنچے جہاں نماز مغربین ادا کی گئی اور دھرنا دیا، بعد میں پولیس سے زیر حراست افراد کی رہائی پر کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا جب کہ امریکن قونصلیٹ کے اطراف رینجرز تعینات کردی گئی۔

حکومت سندھ امریکی خوشنودی کے لیے عوامی مخالفت مول نہ لے،سربراہ ایم ڈبلیو ایم

دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ سینیٹر علامہ راجا ناصر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں احتجاجی ریلی پر اندھا دھند شیلنگ، فائرنگ اور پولیس گردی کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ مجاہد اسلام شہید حسن نصراللہ کی شہادت، مظلومین غزہ و لبنان کی حمایت اور امریکا و اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کراچی میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی پر اندھا دھند شیلنگ، فائرنگ اور پولیس گردی کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے عوامی مخالفت کو مول نہ لے، ایسے آمرانہ اور اسرائیل و امریکا نواز ہتھکنڈے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے سربراہ سمیت تمام حکام کو ذہن نشین رکھنا ہو گا کہ پرامن احتجاج ملک میں بسنے والے ہر فرد کا آئینی حق ہے، جسے چھینا نہیں جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ و اسرائیل عالم اسلام کے ازلی دشمن ہیں ان کے خلاف نکالی جانے والی ریلی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش یہود ونصاریٰ کو تقویت دینے کے مترادف سمجھی جائے گی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 30 ستمبر 2024
کارٹون : 28 ستمبر 2024