ملک کے مختلف اور بڑے شہروں میں حلالہ سینٹرز بن چکے ہیں، نادیہ خان
سینیئر اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت ملک کے بڑے اور کئی چھوٹے شہروں میں حلالہ سینٹرز بن چکے ہیں جب کہ ایسے سینٹرز کی آن لائن تشہیر بھی کی جا رہی ہے۔
نادیہ خان نے ’کیا ڈراما ہے‘ نامی ٹی وی شو میں ڈرامے من جوگی میں حلالہ کے مناظر دکھانے کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم سماجی مسئلہ ہے، جسے ڈرامے میں انتہائی اچھے طریقے سے دکھایا گیا۔
اداکارہ نے اسی پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ حلالہ ایک اہم مسئلہ ہے، جس کے لیے ملک بھر میں حلالہ سینٹرز بھی قائم ہو چکے ہیں۔
پروگرام کے دوران انہوں نے حلالہ سینٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر دیے گئے کچھ اشتہارات بھی پڑھ کر بتائے اور کہا کہ کس قدر حلالہ جیسے اہم کام کو بدنام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض حلالہ سینٹرز یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ وہ حلالہ کے دوران نکاح سے طلاق تک کے تمام معاملات خوش اسلوبی اور رازداری سے سر انجام دیتے ہیں اور حلالہ کی خواہش مند خواتین پراعتماد طریقے سے ان سے رابطہ کریں۔
نادیہ خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صرف کراچی کے ہی حلالہ سینٹرز کے ایک درجن سے زائد آن لائن اشتہارات دیکھے، جن میں حلالہ سینٹرز کی مکمل ایڈریس، فون نمبرز اور دوسری معلومات فراہم کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف شہروں میں حلالہ سینٹرز کھلے عام کام کر رہے ہیں اور ایسے سینٹرز کے باقائدہ ایڈریس بھی دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ اتنے رازداری والے اہم کام کو اس قدر کھلے عام کیا جا رہا ہے اور ایسے سینٹرز بنانے والوں کو کوئی ڈر ہی نہیں ہے۔
اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ حلالہ سینٹرز قائم کرکے ان کی تشہیر کرکے ایسے لوگ کیسے دوسروں کی مدد کر رہے ہیں؟