• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:46pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:46pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

شائع October 10, 2024
— فوٹو:فائل
— فوٹو:فائل

مسلسل 5 بار کمی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلے پندرہ روز (16 تا 31 اکتوبر) کے لیے اضافے کا امکان ہے، جس کی بنیادی وجہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور بحران کے سبب عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا بڑھنا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق باخبر سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5.50 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ میں 13 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس کا اطلاق 16 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک کے لیے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ تقریباً دو ہفتوں کے دوارن پیٹرول کی قیمت میں اوسطاً 2.8 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 7 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔

موجودہ شرح تبادلہ اور ٹیکس کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول 5.50 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 13 روپے فی لیٹر مہنگا ہوسکتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 76 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر تقریباً 79 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے نرخ اضافے کے بعد 80.5 ڈالر سے بڑھ کر تقریباً 87.5 ڈالر فی بیرل ہوگئے ہیں۔

حالیہ پندرہ دنوں کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر درآمدی پریمیم بالترتیب 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا۔

پیٹرول کی موجودہ قیمت 247.03 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 246.69 روپے فی لیٹر ہے۔

تاہم ریٹیل مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں 248 روپے فی لیٹر کی قیمت پرفروخت ہو رہے ہیں۔

پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں اور رکشوں میں استعمال ہوتا ہے، اس کی قیمتوں میں تبدیلی براہ راست متوسط طبقے کو متاثر کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 11 نومبر 2024
کارٹون : 10 نومبر 2024